سعودی عرب میں پاکستانی ملازمین کو کون سی مراعات دی جائیں گی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

سعودی عرب میں پاکستانی ملازمین کو کون سی مراعات دی جائیں گی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

 سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین کے لیے ملازمت کے اختتام پر ملنے والی مراعات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت مکمل ہونے پر ملازمین کو مدتِ ملازمت کے حساب سے مختلف مالی مراعات دی جاتی ہیں۔

بی ای او ای کے مطابق پہلے 5 سال کی ملازمت کے لیے ہر مکمل سال پر نصف ماہ کی تنخواہ کے برابر مراعات دی جاتی ہیں جبکہ اس کے بعد ملازم ہر مکمل سال کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر مراعات کا حق دار ہوتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر زور

رپورٹ کے مطابق 2 سے 5 سال تک ملازمت کرنے والے ملازمین کے لیے ہر سال ایک تہائی ماہ کی تنخواہ کے برابر مراعات مقرر ہیں جبکہ 5 سے 10 سال تک ملازمت مکمل کرنے والے ملازمین کو ہر سال دو تہائی ماہ کی تنخواہ کے برابر مراعات ملتی ہیں۔

بیورو آف امیگریشن نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی ملازم کو آجر یا کفیل کی جانب سے غلط اقدام یا قانون کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیا جاتا ہے تو متعلقہ قوانین کے تحت ملازم کو ملازمت کے اختتام پر واجب الادا مکمل مراعات حاصل ہوں گی۔

بی ای او ای کے مطابق سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے حقوق اور ملازمت سے متعلق قوانین واضح ہیں۔ بعض مخصوص حالات میں اگر آجر بروقت تنخواہ ادا نہ کرے یا ملازم سے معاہدے کے برخلاف کام لیا جائے تو ملازم کو قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے اور وہ مخصوص شرائط کے تحت ملازمت ختم کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملازمت کا معاہدہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے پر ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری سرگرمی مستقل طور پر بند ہونے کی صورت میں بھی ملازمت کے خاتمے کی گنجائش موجود ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب سے پاکستان کیلئے خوشخبری، سرمایہ کاروں نے بڑا اعلان کر دیا

قوانین کے تحت ملازم کی جانب سے دھوکہ دہی، جسمانی حملہ، ادارے یا آجر کے راز افشا کرنا یا مسلسل اپنے فرائض انجام دینے سے انکار جیسی انضباطی وجوہات بھی ملازمت کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ سعودی عرب میں ملازمت اختیار کرتے وقت اپنے معاہدے کی شرائط اور قانونی حقوق سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ ملازمت کے دوران یا اختتام پر کسی ممکنہ مسئلے سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles