لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے غلط جاری ہونے والے ای چالان کے خلاف اپیل اور نظرثانی کا آسان طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ شہری اب ٹریفک پولیس کے دفتر جائے بغیر آن لائن اپنے غلط ای چالان کو چیلنج کر سکتے ہیں۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق غلط ای چالان موصول ہونے کی صورت میں شہری پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آن لائن پورٹل پر دستیاب ریویو کی سہولت استعمال کرتے ہوئے چالان کے خلاف نظرثانی کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
غلط ای چالان کے خلاف اپیل کیسے کریں؟
شہری سب سے پہلے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی آفیشل ای چالان ویب سائٹ پر جائیں اور پورٹل پر طلب کی جانے والی معلومات درج کریں۔
معلومات فراہم کرنے کے بعد متعلقہ گاڑی یا موٹرسائیکل کا ای چالان اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔ شہری چالان کی تمام تفصیلات کا بغور جائزہ لیں اور تصدیق کریں کہ یہی وہ چالان ہے جسے وہ غلط سمجھتے ہیں۔
غلط چالان کی نشاندہی کرنے کے بعد Review کے آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد پورٹل پر دی گئی ہدایات کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرکے نظرثانی کی درخواست آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے۔
درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے شکایت اور ای چالان کا جائزہ لیا جائے گا۔ نظرثانی کا عمل مکمل ہونے کے بعد درخواست گزار کو درخواست کے فیصلے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن ریویو کی سہولت کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری دفتری کارروائی اور ٹریفک پولیس کے دفاتر کے چکر سے بچانا ہے، تاکہ وہ گھر بیٹھے غلط ای چالان کے خلاف اپنی شکایت درج کرا سکیں۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ای چالان کے خلاف نظرثانی کی درخواست دیتے وقت درست معلومات فراہم کریں اور درخواست جمع کرانے سے قبل چالان میں درج تمام تفصیلات کا اچھی طرح جائزہ لے لیں۔
آن لائن طریقہ کار میں کسی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں شہری مدد اور رہنمائی کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کے نمبر 03225638888 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ ای چالان سے متعلق کارروائی کے لیے صرف متعلقہ سرکاری ذرائع اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آفیشل پورٹل سے رجوع کریں۔