گزشتہ دنوں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد انتظامیہ نے سپل وے کھول دیے ہیں ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر سپل وے کھولنے کا فیصلہ کیا گی جس کے بعد اضافی پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کورنگ نالے سے ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سپل وے کھولنے کے بعد کورنگ نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے نالے کے اطراف رہنے والے افراد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے اور نالے کے قریب جانے سے گریز کریں۔
شہریوں کو خاص طور پر کورنگ نالے پر قائم پلوں سے گزرنے سے بھی احتراز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث پلوں اور نالے کے اطراف صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے۔
متعلقہ اداروں کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں کا غیر ضروری رخ نہ کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں پانی کی سطح بلند ہوئی اور اضافی پانی کے اخراج کے لیے سپل وے کھولنے پڑے۔