اگر گھر میں بجلی کا استعمال معمول کے مطابق ہے لیکن اس کے باوجود بھی بجلی کا بل زیادہ ہی آ رہا ہے اور میٹر کی ریڈ لائٹ تیز چمک رہی ہے تو لوگ اکثر فوراً میٹر بدلوانے کے بارے میں سوچتے ہیں تاہم میٹر کو خراب سمجھنے سے پہلے گھر کی وائرنگ بھی ضرور چیک کروانی چاہیے۔
بعض اوقات معمولی وائرنگ خرابی کی وجہ سے بجلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور میٹر تیزی سے چلنے لگتا ہے۔
میٹر کی لال بتی تیز کیوں چمکتی ہے؟
اگر میٹر کی لال بتی بہت تیزی سے جل رہی ہے تو ضروری نہیں کہ مسئلہ میٹر ہی میں ہو ، کئی بار گھر کی اندرونی تاروں میں خرابی اس کی وجہ بن جاتی ہے، اس لیے سب سے پہلے گھر کے پنکھوں، سوئچ بورڈز اور تاروں کو کسی ماہر الیکٹریشن سے چیک کروانا بہتر ہے۔
پنکھے کی معمولی خرابی بل بڑھا سکتی ہے
کئی بار پنکھے کے ڈبے میں موجود تار کا ربڑ یا انسولیشن خراب ہو جاتی ہے اور کرنٹ زمین یا کسی دوسری جگہ جانے لگتا ہے ، ایسی صورتحال میں بجلی کا استعمال بڑھ سکتا ہے، جس سے میٹر تیزی سے چلنے لگتا ہے اور بل بھی زیادہ آ سکتا ہے۔
گھر کے برقی آلات بھی چیک کروائیں
اس سلسلے میں الیکٹریشن سے گھر میں موجود پنکھوں، بلب، فریج، ٹی وی اور دیگر برقی آلات کا بجلی کا لوڈ چیک کروائیں ، اس کے ساتھ ہر سوئچ بورڈ، پلگ اور بجلی کے کنکشن کا معائنہ بھی ضروری ہے۔
کئی مرتبہ خرابی اتنی معمولی ہوتی ہے کہ بظاہر نظر نہیں آتی، لیکن اس کی وجہ سے بجلی مسلسل استعمال ہوتی رہتی ہے اور میٹر کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔
مثال کے طور پر کسی پنکھے کے باکس میں تار کی انسولیشن خراب ہو جائے اور وہ بجلی کے کنڈکٹیو حصے سے جڑنے لگے تو اس سے بجلی کا غیر معمولی استعمال ہو سکتا ہے۔ نتیجتاً میٹر تیزی سے چلنے لگتا ہے اور بل بھی توقع سے زیادہ آ سکتا ہے۔
میٹر کی ریڈ لائٹ پر بھی نظر رکھیں
تاہم میٹر کی سرخ لائٹ کے رویے کو سمجھنا بھی ضروری ہے ، اگر ریڈ لائٹ پہلے مسلسل جلتی رہے اور کچھ دیر بعد خود بخود تیزی سے بلنک ہونے لگے تو ایسی صورت میں میٹر میں خرابی کا امکان ہو سکتا ہے ، اس صورتحال میں میٹر کو متعلقہ ماہر یا بجلی فراہم کرنے والے ادارے سے چیک کروانا چاہیے۔
وائرنگ کی خرابی خطرناک
بجلی کا بل اچانک بڑھنے کی صورت میں گھر کی وائرنگ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ، بجلی کی خرابی نہ صرف اضافی بل کا سبب بن سکتی ہے بلکہ بعض حالات میں شارٹ سرکٹ اور دیگر خطرات بھی پیدا کر سکتی ہے۔
میٹر کب چیک کروانا چاہیے؟
یہاں یہ بھی دھیان رکھنا ضروری ہے کہ اگر میٹر کی لال بتی جھپکنے کے بجائے ایک ہی جگہ لگاتار جلتی رہے اور پھر کچھ دیر بعد خود ہی جلنے بجھنے لگے تو یہ واقعی میٹر کی اپنی خرابی ہو سکتی ہے۔ ایسی حالت میں میٹر کو ہی چیک کروانا بہتر ہوتا ہے۔