سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارتخانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، سعودی مسلح افواج کے جنرل فہد بن عبداللہ الغفیلی، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، عسکری حکام، پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں جنگِ ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ملکی دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محسن جاوید نے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، جنرل فہد بن عبداللہ الغفیلی سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دفاعی تاریخ اور قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تصویری نمائش بھی پیش کی گئی۔ نمائش میں پاکستان کی دفاعی تاریخ، اہم قومی مواقع اور ملکی سلامتی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کیا گیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بہادری، جرات اور قربانی کی جو مثال قائم کی، پاکستانی قوم اسے آج بھی فخر کے ساتھ یاد کرتی ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ حالیہ معرکہ ’’بنیان المرصوص‘‘ کے حوالے سے بھی سفیر پاکستان نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں کو سراہا۔
احمد فاروق کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان صرف ملکی دفاع تک محدود نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی امن کے لیے خدمات کے باعث اسے بین الاقوامی سطح پر قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
سفیر پاکستان نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ اور دفاعی تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔