کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے مزار قائد اور اس کے اطراف جلسے، جلوس، ریلی اور احتجاجی اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی بھی غیر مجاز اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ضلع شرقی کی انتظامیہ کے مطابق مزار قائد ملک کا ایک اہم قومی اور تاریخی مقام ہے جس کے تقدس کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ اسی تناظر میں مزار قائد کے اطراف کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے شہریوں اور متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پابندی کی پاسداری کریں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کا مردان جلسہ یا عوام کے لیے عذاب؟ خاردار تاریں، بند سڑکیں اور سیل شدہ کاروباری مراکز نے شہریوں کو رُلا دیا
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کا کہنا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی بھی قسم کے اجتماع کے لیے اجازت موجود نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اجازت کے بغیر کوئی اجتماع منعقد کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق مزار قائد کے تقدس سے متعلق قانون کے تحت مزار کے احاطے میں جلسہ، مظاہرہ اور جلوس کی اجازت نہیں ہے۔


