سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت سے مزید آگاہ ہوچکی ہے، جبکہ پاکستان آج عالمی سطح پر ایک مضبوط اور بااعتماد ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
یومِ دفاع کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ دفاع منا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج نے چند ماہ قبل بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ ملکی دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قومی دفاع کے لیے عزم نے دنیا کو پاکستان کی عسکری طاقت کا احساس دلایا ہے،مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی اہمیت مزید نمایاں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا اب یہ جان چکی ہے کہ خطے میں پاکستان کی مسلح افواج ایک مضبوط اور مؤثر دفاعی قوت رکھتی ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ تعاون اور معاہدوں کے ذریعے روابط کو مضبوط بنا رہے ہیں، جبکہ پاکستان عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے دنیا میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بھارت نے مختلف ذرائع اور پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر نظرانداز کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستانی مسلح افواج کی کارکردگی اور قومی کامیابیوں نے پاکستان کے مؤقف کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور دفاعی کامیابیوں کے باعث پاکستان آج عالمی سطح پر نئی طاقت اور اعتماد کے ساتھ ابھر رہا ہےمصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی گرین پاسپورٹ اور قومی پرچم کی شناخت مزید نمایاں ہوئی ہے، جو ان کے بقول پاکستانی قوم کے اعتماد، قومی وقار اور مسلح افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی اتحاد و یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔