امریکی نمائندوں کی روسی صدرسے ملاقات میں کیا طے پایا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

امریکی نمائندوں کی روسی صدرسے ملاقات میں کیا طے پایا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی اہم ملاقات ہوئی جس میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات کی بحالی سے متعلق تجاویز پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے بعد روس اور یوکرین کے درمیان دارالحکومتوں پر حملوں کے حوالے سے تین روزہ عارضی وقفے کی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

امریکی نمائندوں نے روسی دارالحکومت ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن سے تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کی۔ مذاکرات میں جاری جنگ کے خاتمے، ممکنہ جنگ بندی اور مستقبل میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ امریکی وفد کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں اور امن ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات کے بعد روسی حکام نے مذاکرات کو بامعنی اور تعمیری قرار دیا۔ روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق امریکی نمائندوں نے جنگ کے خاتمے کے ممکنہ راستوں سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں ۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی نمائندوں کے دورے کے دوران کیف پر حملے عارضی طور پر روکنے کی ہدایت جاری کی۔ روسی حکام کے مطابق یہ وقفہ تین روز تک جاری رہے گا۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی اس دوران ماسکو پر حملے نہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں میں مسلسل شدت دیکھی جا رہی ہے۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے کے علاقوں میں ڈرون اور میزائل حملے کیے جاتے رہے ہیں، جن میں شہری علاقوں کو بھی نقصان پہنچا اور بڑی تعداد میں انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

امریکی نمائندوں کی ماسکو میں ملاقات کے بعد ان کا یوکرین جانے کا بھی پروگرام ہے، جہاں وہ یوکرینی قیادت سے ملاقات کرکے جنگ کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر بات چیت کریں گے۔ امریکی وفد کی کوشش ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان براہ راست مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے اور طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی قابل عمل راستہ تلاش کیا جائے۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کے روس اور یوکرین کے صدور سے ٹیلیفونک رابطے، یوکرین جنگ کے خاتمے پر بات چیت

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ فروری 2022 میں شروع ہوئی تھی اور چار سال سے زائد عرصے بعد بھی جاری ہے۔ جنگ کے دوران دونوں جانب بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

editor

Related Articles