پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے اہم معرکے میں تاریخ رقم کر دی ۔
شاہین آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں مکمل کر کے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ باؤلر ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ، تاریخی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے اس سنسنی خیز مقابلے میں شاہین آفریدی نے میچ کے پہلے ہی اوور میں انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو کورز میں کیچ آؤٹ کر کے یہ یادگار کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ ٹام بینٹن زبردست فارم میں تھے اور اپنی گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کر چکے تھے، مگر شاہین کی تیز رفتار فل لینتھ سوئنگ گیند کا ان کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
سابق ریکارڈ
شاہین آفریدی نے یہ تاریخی کارنامہ محض 80 ون ڈے میچز میں سرانجام دیا ہے ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے سابق نامور اسپیڈ اسٹارز وقار یونس اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے 150 وکٹیں 91، 91 میچوں میں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کی کرکٹ تاریخ میں شاہین آفریدی اب تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے دوسرے باؤلر بن گئے ہیں ، ان سے آگے صرف سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے 78 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
عالمی کرکٹ میں شاہین کی دھاک
عالمی سطح پر بھی شاہین آفریدی دنیا کے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین باؤلر بن گئے ہیں ، اس فہرست میں نیپال کے سندیپ لامیچھانے (73 میچز) پہلے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک (77 میچز) دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
شاہین آفریدی کی اس تاریخی کامیابی پر قذافی اسٹیڈیم شائقینِ کرکٹ کے نعروں سے گونج اٹھا اور کرکٹ کے حلقوں میں ان کی اس شاندار کارکردگی کی بے حد پذیرائی کی جا رہی ہے۔