خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع کے لیے قائم علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور 23 ادارے براہ راست سیکرٹریٹ کے زیر انتظام لائے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گریڈ 17، 18 اور 20 کے 30 افسران کی خدمات بھی علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
30 افسران تعینات
گریڈ 20 کے پانچ سپیشل سیکرٹریز، گریڈ 18 کے 10 ڈپٹی سیکرٹریز اور گریڈ 17 کے 15 سیکشن آفیسرز کی خدمات علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے سپرد کی گئی ہیں۔
سپیشل سیکرٹریز میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ، قانون، ابتدائی و ثانوی تعلیم، داخلہ اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹریز
ڈپٹی سیکرٹریز میں محکمہ ماحولیات اور محکمہ انرجی اینڈ پاور کے لیے ایک ایک افسر تعینات کیا جائے گا۔ ابتدائی و ثانوی تعلیم، خزانہ، داخلہ اور زکواۃ کے لیے دو دو ڈپٹی سیکرٹریز تعینات کیے جائیں گے۔
سیکشن آفیسرز
سیکشن آفیسرز میں زراعت، ثقافت، زکواۃ و عشر، انرجی اینڈ پاور، معدنیات اور بین الصوبائی رابطے کے لیے ایک ایک افسر تعینات ہوگا۔
خزانہ، اعلیٰ تعلیم اور داخلہ کے لیے دو دو سیکشن آفیسرز جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے تین سیکشن آفیسرز تعینات کیے جائیں گے۔
23 ڈائریکٹوریٹ ماتحت
مزید برآں 23 ڈائریکٹوریٹ بھی علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے زیر انتظام لائے گئے ہیں، جن کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ان میں تعلیم، زکواۃ و عشر، سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر، زراعت، لائیوسٹاک، فشریز، جنگلات، ایریگیشن، کھیل، صنعت، سکلز، فیفا، سمال ڈیمز، ٹیکنیکل ایجوکیشن، معدنیات، آئل اینڈ گیس، انفراسٹرکچر اور ڈائریکٹوریٹ آف پراجیکٹس شامل ہیں۔
دیگر اداروں میں زراعت ریسرچ، لوکل گورنمنٹ، ورکس اینڈ سروسز، پبلک ہیلتھ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، اطلاعات، لا اینڈ آرڈر، لیڈیز ٹریننگ سنٹر، ایف ڈی ایم اے، بحالی و آبادکاری، ہیلتھ سروسز، خزانہ، فاٹا ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور کالج آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز شامل ہیں۔