کراچی میں رینجرز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے کراچی کے علاقے شیر شاہ میں کارروائی کی، جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشتگرد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق دہشتگرد نے کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا، تاہم کارروائی کے دوران دیگر ساتھیوں کی موجودگی یا فرار ہونے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت کا عمل جاری ہے، اس حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں تاکہ دہشتگرد کے پس منظر، ممکنہ ساتھیوں اور کراچی میں اس کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق جمالی پل کے قریب کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 24 سالہ ساجد ولد نیاز ولید کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں کارروائی اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا، جبکہ ہلاک دہشتگرد کے حوالے سے مزید معلومات بھی اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کی جانب سے شہر میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے، کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی اس سے قبل بھی فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرچکے ہیں۔