کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسلک بتائے جانے والے اسلام آباد کے متعدد مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے مختلف مدارس میں غیر قانونی تعمیرات، منظور شدہ بلڈنگ پلان کی عدم موجودگی اور عمارتوں کے استعمال سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی شروع کی ہے۔
اسلام آباد کے علاقے بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک میں واقع مدرسہ اختر العلوم کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر متعلقہ تعمیراتی نقشے جمع کرائے، بصورتِ دیگر عمارت سیل کرنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ تھری، اسٹریٹ نمبر 6، مکان نمبر 3 میں واقع ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ، تفی القرآن میں بھی بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے مذکورہ عمارت میں مقررہ تعمیراتی حدود (سیٹ بیکس) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور چھت پر غیر مجاز تعمیرات کیے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے رہائشی استعمال کے لیے مختص عمارت کو مدرسے کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
سی ڈی اے نے متعلقہ مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام نشاندہی شدہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کی جائیں۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت عمارت سیل کرنے، جرمانہ عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے کی کارروائیوں میں مدارس سمیت دیگر عمارتیں بھی شامل ہیں۔
