حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے جبکہ ڈیزل مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کردیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے ڈیزل 400 روپے 67 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہورہا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔
اس طرح نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول استعمال کرنے والوں کے لیے فی الحال قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تاہم ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو اب فی لیٹر 2 روپے 29 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی یہ قیمتیں 2 نومبر تک نافذ العمل رہیں گی۔