ایم فل کی ڈگری رکھنے والے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ ایم فل کے مساوی ڈگری رکھنے والے ملازمین کو بھی 2,500 روپے ماہانہ الاؤنس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ایم فل کی ڈگری رکھنے والے سرکاری ملازمین پہلے ہی 2,500 روپے ماہانہ الاؤنس وصول کر رہے ہیں اب ایم فل کے مساوی ڈگری رکھنے والے ملازمین کے لیے اس الاؤنس کا اطلاق 17 جولائی 2026 سے ہوگیا ہے ، وزارتِ خزانہ نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی (PMDC) کی جانب سے نئی ہدایات کا اجراء
دریں اثنا، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے طلبہ کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
قواعد کے مطابق، طلبہ کے لیے ایم ڈی سی اے ٹی (MDCAT) میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا یا بیرونِ ملک سے مساوی امتحان پاس کرنا لازمی ہے۔
ایف ایس سی (FSc) پری میڈیکل یا اس کے مساوی امتحان کم از کم 60 فیصد نمبروں کے ساتھ پاس کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے عوامی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر ملکی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو ان معیارات کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔ عارضی رجسٹریشن اور این آر ای (NRE) کے اہل ہونے کے لیے ان طلبہ کو اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔
طلبہ کو مزید معلومات کے لیے پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
ایم ڈی سی اے ٹی (MDCAT) انٹری ٹیسٹ 2026 کے لیے نئی شرائط
پی ایم ڈی سی نے اس سے قبل ایم ڈی سی اے ٹی انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے نئی شرائط کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت اس سال ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں طلبہ کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، کونسل نے 18 سال سے کم عمر طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحان سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری ہونے والا ‘جووینائل رجسٹریشن کارڈ’ (Juvenile Registration Card) یا نابالغوں کے لیے ‘اسمارٹ کارڈ’ بنوائیں۔
درست جووینائل رجسٹریشن کارڈ یا درست شناختی کارڈ (CNIC) کے بغیر امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس سے قبل پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی سی اے ٹی امتحانات کے لیے پاسنگ مارکس کا نیا طریقہ کار بھی اعلان کیا تھا۔
محکمے کی جانب سے 8 اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، میڈیکل یونیورسٹیوں کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس دونوں میں داخلوں کے لیے پاسنگ مارکس میں ایک بار 3 فیصد تک کمی کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔