واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے جس کی مدد سے انہیں میسج لکھنے کے لیے کی بورڈ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
خاص طور پر ڈرائیونگ کے دوران، چلتے پھرتے یا ایسے وقت میں جب ہاتھ مصروف ہوں، صارف صرف بول کر اپنا میسج تحریر کروا سکیں گے اور اسے ٹیکسٹ کی صورت میں بھیج سکیں گے۔ ممیڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔
کیسے کام کرے گا؟
اس فیچر کے ذریعے صارف جو کچھ بولے گا، واٹس ایپ اسے تحریری شکل میں تبدیل کردے گا۔ اس کے بعد وہی تحریر عام ٹیکسٹ میسج کی طرح چیٹ میں بھیجی جاسکے گی۔ یہ موجودہ وائس میسج ٹرانسکرپشن فیچر سے مختلف ہوگا۔ وائس میسج ٹرانسکرپشن میں پہلے سے موصول ہونے والے آڈیو پیغام کو ٹیکسٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے، جبکہ نئے فیچر میں صارف کا بولنا شروع کرتے ہی اس کی آواز کو ٹیکسٹ میں تبدیل کیا جائے گا، یعنی آڈیو ریکارڈ کیے بغیر براہ راست تحریری پیغام تیار ہوگا۔
چیٹ بار میں نیا بٹن
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے چیٹ بار میں دائیں جانب ایک نیا بٹن شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ پہلی مرتبہ استعمال کے وقت واٹس ایپ صارف کو ایک مختصر تعارفی صفحہ دکھائے گا اور زبان منتخب کرنے کا آپشن دے گا۔ زبان منتخب کرنے کے بعد صارف لیسننگ موڈ فعال کرکے اپنا پیغام بول سکے گا، جسے واٹس ایپ تحریری شکل میں تبدیل کردے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سہولت صرف انفرادی چیٹس تک محدود نہیں ہوگی بلکہ گروپ چیٹس میں بھی استعمال کی جاسکے گی۔ اس فیچر کے لیے وہی مقامی لینگوئج پیکس استعمال کیے جائیں گے جو واٹس ایپ پہلے سے وائس میسجز کو ٹیکسٹ میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس ٹول کو آف لائن استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے، جبکہ صارف کی گفتگو کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی حاصل رہے گا۔
کب تک سب کے لیے دستیاب ہوگا؟
فی الحال یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں زیر آزمائش ہے۔ اس لیے ابھی یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کرے گااگر آزمائشی مرحلہ کامیاب رہا تو مستقبل میں یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاصا کارآمد ثابت ہوسکتا ہے جو تیزی سے ٹیکسٹ میسج بھیجنا چاہتے ہیں، لیکن اس وقت کی بورڈ استعمال کرنا مشکل ہوتا ہے۔