واٹس ایپ نے چیٹ کو مزید خوبصورت بنا دیا، نئے تھیمز اور وال پیپرز متعارف

واٹس ایپ نے چیٹ کو مزید خوبصورت بنا دیا، نئے تھیمز اور وال پیپرز متعارف

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے چیٹ کو مزید خوبصورت اور اپنی پسند کے مطابق بنانے کے لیے نئے چیٹ تھیمز متعارف کرا دیے ہیں۔ نئے اپ ڈیٹ میں صارفین کو مختلف رنگوں، ڈیزائنز اور وال پیپرز کے ساتھ چیٹس کو اپنی مرضی کے مطابق سجانے کے مزید آپشنز ملیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیچر پہلے آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی جاری کیا جا رہا ہے۔

5 نئی کیٹیگریز شامل

واٹس ایپ نے نئے چیٹ تھیمز کو5 کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔

فیچرڈ: اس میں مختلف کیٹیگریز سے منتخب کیے گئے نمایاں ڈیزائنز شامل ہیں۔

نیچر: قدرتی مناظر سے متاثرہ وال پیپرز، جن میں پہاڑ، جنگلات، صحرا اور ساحل شامل ہیں۔

لائیو: اس کیٹیگری میں متحرک وال پیپرز شامل کیے گئے ہیں جو چیٹ کے پس منظر میں ہلکی رفتار سے حرکت کرتے رہیں گے۔

مینیمل: سادہ اور ہلکے ڈیزائن پسند کرنے والے صارفین کے لیے یہ کیٹیگری رکھی گئی ہے۔

ڈوڈل: اس میں ایسے پیٹرن والے وال پیپرز شامل ہیں جو واٹس ایپ کے روایتی وال پیپر کے انداز سے ملتے جلتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ کا زبردست نیا فیچر،ٹائپنگ کی جھنجھٹ ختم

لائیو وال پیپرز کیسے کام کریں گے؟

نئے فیچر میں شامل لائیو وال پیپرز مسلسل حرکت کریں گے، تاہم ان کی رفتار بہت کم رکھی گئی ہے تاکہ چیٹ کا متن پڑھنے میں دشواری نہ ہو۔ واٹس ایپ نے ہر متحرک وال پیپر کے تھمب نیل پر ایک چھوٹا سا نشان بھی دیا ہے تاکہ صارف اسے آسانی سے پہچان سکیں۔

صرف وال پیپر بھی تبدیل کرسکتے ہیں

اگر صارف مکمل چیٹ تھیم تبدیل نہیں کرنا چاہتا تو صرف چیٹ کا بیک گراؤنڈ یا وال پیپر بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے واٹس ایپ نے وائبرنٹ اور گریڈیئنٹ سمیت مزید وال پیپر آپشنز بھی شامل کیے ہیں۔ وائبرنٹ کیٹیگری میں شوخ رنگوں والے ڈیزائنز جبکہ گریڈیئنٹ میں مختلف رنگوں کے امتزاج دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:کم قیمت میں بڑے فیچرز، آئی ٹیل اے 300 سی اسمارٹ فون متعارف

اپنی تصویر بھی لگا سکیں گے

صارفین کے پاس اپنی گیلری سے کوئی بھی تصویر منتخب کرکے اسے چیٹ وال پیپر بنانے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ میں اے آئی کی مدد سے نیا وال پیپر تیار کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی، جس سے صارف اپنی پسند کے مطابق منفرد بیک گراؤنڈ بنا سکیں گے۔

چیٹ پڑھنے میں بھی نہیں ہوگی مشکل

واٹس ایپ نے نئے تھیمز تیار کرتے وقت متن کی ریڈابلٹی  کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ صارف جب کوئی تھیم یا وال پیپر منتخب کرے گا تو ایپ خودکار طور پر چیٹ ببلز کے لیے ایسا رنگ منتخب کرے گی جس سے تحریر واضح نظر آئے۔

تاہم صارف چاہے تو خودکار طور پر منتخب کیے گئے رنگ کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل بھی کرسکے گا۔ یوں نئے اپ ڈیٹ کے بعد واٹس ایپ صارفین کے پاس اپنی چیٹس کو صرف خوبصورت بنانے ہی نہیں بلکہ انہیں اپنی پسند کے مطابق ذاتی انداز دینے کے لیے بھی پہلے سے کہیں زیادہ آپشنز موجود ہوں گے۔

editor

Related Articles