دباؤ کے باوجود عوام ساتھ ہے، ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، مسعود پزشکیان

دباؤ کے باوجود عوام ساتھ ہے، ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، مسعود پزشکیان

 ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، تمام دباؤ کے باوجود عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب کے لیے اپنی تقریر ایران سے طے کر کے آیا تھا، اقوام متحدہ میں امریکی صدر کی تقریر سننے کے بعد اپنی تقریر میں کچھ تبدیلیاں کیں، ٹرمپ کی تقریر کے بعد تقریر میں اپنے مؤقف کو مزید سخت کیا۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا  کہ امریکا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے، ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، ایران کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

ایرانی صدر  نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل غزہ میں نسل کشی کے ذمہ دار ہیں، ایران میں بھی رہبر اعلیٰ، کمانڈروں، سائنسدانوں، وزراء اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، حملے امریکا،اسرائیل کرتے ہیں جبکہ دہشتگرد ایران کو قرار دے دیا جاتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز میں کسی بھی ملک کی فوجی موجودگی جارحیت تصور ہوگی ، ایران

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس میں ایرانی شرکت کا مقصد مذاکرات اور ایرانی عوام کے مؤقف کا دفاع کرنا ہے۔

قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ اجلاس میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیں دہشت گرد قرار دیا جبکہ ہم خود دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، ہم تو جارحیت کے خلاف اپنا حق دفاع استعمال کر رہے ہیں۔

 نیو یارک میں یو این جی اے اجلاس میں ایرانی صدر کے خطاب کے دوران امریکی مندوب نے واک آؤٹ کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں شہید آیت اللّٰہ خامنہ ای اور اسکول کے بچوں کی تصاویر بھی دکھائیں۔

editor

Related Articles