پاکستانی اداکارہ صبا فیصل ایک بار پھر طلاق سے متعلق اپنے بیان کے باعث سوشل میڈیا پر زیر بحث آگئی ہیں۔
صبا فیصل نے وسے چوہدری کے پروگرام ’گپ شپ‘ میں گفتگو کے دوران طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب کسی خاندان میں طلاق ہوتی تھی تو لوگ اسے ایک بڑا سانحہ سمجھتے تھے اور کئی ماہ تک سوگ کی کیفیت رہتی تھی۔
صبا فیصل کے مطابق پہلے طلاق کے بعد خاندان کے افراد معاشرے کا سامنا کرنے سے بھی گریز کرتے تھے، تاہم اب صورتحال مختلف ہوگئی ہے۔انہوں نے موجودہ دور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اب بعض لوگ طلاق کے بعد کچھ عرصے کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں، ذہنی سکون حاصل کرتے ہیں اور پھر معمول کی زندگی کی طرف واپس آجاتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ طلاق کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور ان کے خیال میں معاشرتی صورتحال خراب ہورہی ہے۔
صبا فیصل کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔کچھ صارفین نے اداکارہ کے خیالات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ہر طلاق کے پیچھے مختلف حالات اور وجوہات ہوسکتی ہیں، اس لیے تمام معاملات کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جاسکتا۔
کئی صارفین نے یہ بھی لکھا کہ اگر کوئی شخص خراب ازدواجی زندگی سے نکلنے کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے صرف معاشرتی دباؤ کی بنیاد پر غلط قرار نہیں دینا چاہیے۔ بعض صارفین نے صبا فیصل کے بیان کو روایتی سوچ قرار دیا، جبکہ کچھ نے اداکارہ کو ٹی وی پروگرامز میں مدعو کیے جانے پر بھی تنقید کی۔صبا فیصل اس سے قبل بھی مختلف ٹی وی انٹرویوز میں اپنے بیانات کے باعث سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنتی رہی ہیں۔