دنیا بھر میں ٹریفک انٹرچینجز اور اوور پاسز تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے، لیکن جاپان میں موجود ایک انٹرچینج ایسا ہے جسے دیکھ کر پہلی نظر میں یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
بہت سے لوگ اس کی تصاویر دیکھ کر اسے جعلی یا کمپیوٹر سے تیار کردہ تصویر سمجھتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ ایک حقیقی انٹرچینج ہے۔جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں واقع تاکاؤسن ہائی وے انٹرچینج اپنے منفرد اور پیچیدہ ڈیزائن کی وجہ سے لوگوں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔
یہ انٹرچینج تقریباً 12 مختلف راستوں کی جانب جانے کا راستہ فراہم کرتا ہے، جبکہ اس کا پیچیدہ اور چکر دار ڈیزائن اسے عام ہائی وے انٹرچینجز سے بالکل مختلف بناتا ہے۔ دور سے دیکھنے پر اس کی سڑکیں کسی جدید آرٹ ورک کا حصہ محسوس ہوتی ہیں، تاہم یہاں سے روزانہ گاڑیوں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ یہ انٹرچینج کین اوایکسپریس وے کا حصہ ہے اور اس میں متعدد راستے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
پہاڑی علاقے میں منفرد تعمیر
اس انٹرچینج کی سب سے خاص بات اس کا مقام اور تعمیر کا طریقہ ہے۔ اسے ایک پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا، جہاں مختلف راستوں کو آپس میں ملانے کے لیے ایسا ڈیزائن اختیار کیا گیا جس کے ذریعے پہاڑیوں کو بڑے پیمانے پر ہموار کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ اسی وجہ سے سڑکوں کو مختلف سطحوں پر ایک دوسرے سے جوڑتے ہوئے پیچیدہ اور چکر دار راستے بنائے گئے۔
یہ منفرد انٹرچینج 2012 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور اس میں 6 مختلف ٹنل انٹرنس موجود ہیں۔ باس کا پیچیدہ ڈیزائن بظاہر ڈرائیورز کے لیے کسی معمے سے کم نہیں لگتا، لیکن اس کے پیچھے بنیادی مقصد پہاڑی علاقے میں کم سے کم تبدیلی کے ساتھ مختلف شاہراہوں کو آپس میں جوڑنا تھا۔اسی منفرد تعمیر کی وجہ سے جاپان کا یہ انٹرچینج آج بھی دنیا بھر میں حیرت اور تجسس کا باعث بنتا ہے۔