علی ظفر کو پاکستان کے معروف راک اسٹارز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھائیں اور بالی ووڈ کی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا۔
20 سال بعد ڈراموں میں واپسی
علی ظفر نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وہ فلم ٹیفا اِن ٹربل میں مرکزی کردار میں نظر آئے، جو شائقین میں خاصی مقبول ہوئی۔ فلم کے بعد علی ظفر نے زیادہ تر اپنی توجہ موسیقی اور دیگر مصروفیات پر مرکوز رکھی، تاہم اب وہ تقریباً دو دہائیوں بعد ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی کر رہے ہیں۔
علی ظفر جلد ہی متوقع ڈرامہ لہو میں نظر آئیں گے۔ ڈرامے کی کہانی سقلین عباس نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے کی ہے۔ ڈرامے میں سجل علی اور بلال عباس خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ علی ظفر بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
علی ظفر کی واپسی پر مداح خوش
علی ظفر کی ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے دلچسپ ردعمل سامنے آنے لگا۔ کسی نے لکھا کہ علی ظفر کو دوبارہ دیکھ کر خوشی ہوئی، جبکہ ایک صارف نے ان کی واپسی کا خیرمقدم کیا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ علی ظفر کو ایک بار پھر اداکاری کرتے دیکھنا دلچسپ تجربہ ہوگا اور اب سب کی نظریں لہو پر ہیں۔