102 سالہ سابق فوجی کا وعدہ پورا کرنے کے لیے شہزادہ ہیری کا بڑا چیلنج

102 سالہ سابق فوجی کا وعدہ پورا کرنے کے لیے شہزادہ ہیری کا بڑا چیلنج

برطانوی شہزادہ ہیری نے کینیڈا میں فلاحی مقصد کے لیے ایک منفرد چیلنج قبول کرتے ہوئے طیارے سے اسکائی ڈائیو کرلی۔ 

ڈیوک آف سسیکس نے یہ چیلنج کینیڈا کی عسکری برادری اور سابق فوجیوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے لیے آگاہی اور حمایت بڑھانے کی مہم کے تحت مکمل کیا۔ شہزادہ ہیری نے یہ اسکائی ڈائیو ٹورنٹو کے قریب کی، جس کا مقصد 102 سالہ سابق فوجی ایڈ مارشل سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا بھی تھا۔

102 سالہ سابق فوجی سے کیا وعدہ کیا تھا؟

ہیری اور ایڈ مارشل کی ملاقات گزشتہ نومبر میں ٹورنٹو کے سنی بروک اسپتال میں سابق فوجیوں کے مرکز کے دورے کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان عسکری پس منظر اور سابق فوجیوں کی مدد کے مشترکہ جذبے کی وجہ سے قربت پیدا ہوئی، جس کے بعد دونوں نے ایک ساتھ اسکائی ڈائیو کرنے کا منصوبہ بنایا۔

تاہم طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے مارشل کو ان کی عمر کے باعث اسکائی ڈائیو کرنے کی اجازت نہیں دی۔ مارشل کے پوتے بیلی نے دادا کی جگہ یہ چیلنج مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے باوجود مارشل طیارے میں ہیری اور بیلی کے ساتھ موجود رہے اور دونوں کو طیارے سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کا ویران جزیرہ ، جہاں 34 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش نے سب کو حیران کردیا

زمین پر بحفاظت اترنے کے بعد شہزادہ ہیری نے کہا کہ ایسی صورتحال میں آپ 102 سالہ سابق فوجی کو مایوس نہیں کرسکتے۔ہیری کے مطابق مارشل اس چیلنج کے لیے انتہائی پُرجوش تھے۔انہوں نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ مارشل نے خود چھلانگ لگانے کی کوشش نہیں کی، کیونکہ وہ جلد ہی 103 برس کے ہونے والے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے بتایا کہ اسکائی ڈائیو مکمل کرنے کے بعد ان کی پہلی فون کال اپنی اہلیہ میگھن مارکل کو تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا دو بچوں کے والد کی حیثیت سے اس خطرناک چیلنج میں حصہ لینے کے لیے انہیں میگھن کو قائل کرنا پڑا، تو ہیری نے کہا کہ انہیں اپنی اہلیہ کو قائل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ جب وہ بحفاظت زمین پر واپس پہنچے تو میگھن نے ضرور سکون کا سانس لیا ہوگا۔ ہیری کے مطابق اسکائی ڈائیو سے پہلے طویل انتظار کے دوران میگھن یقیناً یہی سوچ رہی ہوں گی کہ وہ آخر کب واپس زمین پر اتریں گے۔

editor

Related Articles