بلوچستان، نوکچہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان، نوکچہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم  بی ایل اے کے  2 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان، نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد فرار ہونے والے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی ( کالعدم  بی ایل اے) کے 2 ارکان سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں افراد نے خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کا تعاقب شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق تعاقب کے دوران جھڑپ ہوئی، جس میں دونوں افراد ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کالعدم   بی ایل اے کے تصدیق شدہ ارکان تھے اور اس سے قبل این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان، کلچاس کیمپ پر فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد ہلاک، 7 گرفتار، اسلحہ برآمد

یہ واقعہ 31 اگست کو ہونے والی ایک بڑی سکیورٹی کارروائی کے چند ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی کارروائیوں کی کوشش میں ملوث 11 کالعدم  بی ایل اے ارکان ہلاک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں واقعات میں آتشزدگی اور تخریبی سرگرمیوں کا عنصر نمایاں ہے، جبکہ این-40 کے ساتھ پیش آنے والے سابقہ واقعات اور حالیہ کارروائی کے درمیان ممکنہ تعلق کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نوکچہ کے تازہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں تخریبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ تازہ واقعے اور ہلاک افراد کے سابقہ واقعات میں کردار سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

Related Articles