پی ٹی آئی  کی طالبان سے یاری،عہدیداروں  میں بے زاری، کرم کے نائب صدر  نے   استعفی دے دیا

پی ٹی آئی  کی طالبان سے یاری،عہدیداروں  میں بے زاری، کرم کے نائب صدر  نے   استعفی دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے کرم سے نائب صدر گلفراز خان نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا، گلفراز خان نے پی ٹی آئی کی طالبان دوست پالیسی، خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی اور دہشتگردی کے خلاف اختیار کیے گئے طرزعمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی اختیار کی۔

گلفراز خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طالبان سے دوستی کی پالیسی نے پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں میں بے چینی پیدا کردی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

گلفراز خان  نے ویڈیو بیان میں کہا کہ  پی ٹی آئی کی موجودہ پالیسی طالبان کے حوالے سے واضح طور پر نرم رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، جس سے پارٹی کے اندر تشویش بڑھ رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی پالیسی کے ساتھ سیاسی سفر جاری نہیں رکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو دہشتگردی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور دہشتگرد عناصر کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں ہونی چاہیے۔

گلفراز خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا،انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی دہشتگردوں کو ساتھی بنا چکے ہیں اور صوبائی حکومت کا طرزعمل دہشتگردی کے معاملے پر قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جانیں جارہی ہیں، ایسے حالات میں صوبائی حکومت کو دہشتگردی کے خلاف واضح اور مؤثر پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :افغانستان اور دہشتگردوں کا کھل کر نام کیوں نہیں لیا جاتا؟پی ٹی آئی فیصلہ کرلے  پاکستان یاافغانستان،وفاقی وزرا

گلفراز خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وزرا نے خیبرپختونخوا کو دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال مسلسل خراب ہورہی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف وہ اقدامات نظر نہیں آرہے جن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کر رہے ہیں، لیکن حکومتی نمائندوں کا کردار سوالات پیدا کر رہا ہے۔گلفراز خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے جنازوں میں بھی صوبائی حکومت کے ذمہ داران شریک نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ جو اہلکار صوبے اور ملک کے امن کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہونا حکومت کی ذمہ داری ہے۔گلفراز خان نے کہا کہ وہ اپنے سیاسی اصولوں اور مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، اسی لیے انہوں نے پی ٹی آئی کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ان کے استعفے سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی داخلی سیاست اور پارٹی کی دہشتگردی سے متعلق پالیسی پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

editor

Related Articles