معرکہ حق میں جو کیا پوری دنیا نے دیکھا، مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

معرکہ حق میں جو کیا پوری دنیا نے دیکھا، مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کابینہ ارکان کے ہمراہ بھمبر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مختلف سیاسی و حکومتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے منصوبوں کا عندیہ دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ پورے ملک میں جاری تعمیر و ترقی نواز شریف کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے اور مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے جو کردار ادا کیا، پوری دنیا نے اسے دیکھا۔ پاکستان نے مشکل وقت میں جس انداز سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اس سے ملک کی اہمیت مزید واضح ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے وژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ حکومت کی ترجیح عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خطے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ دفتر کے باہر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کا شدید احتجاج، حقِ خودارادیت اور عالمی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ

افتخار گیلانی نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں آزاد کشمیر کے لیے 5 سالہ منصوبہ بندی سامنے لائی جائے گی۔ ان کے مطابق اس منصوبہ بندی میں خطے کی ضروریات اور عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں ترقیاتی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے ثمرات پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری طارق فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین ٹیم کا انتخاب کرنے پر قیادت کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی تعمیر و ترقی کا ذکر ہوتا ہے تو نواز شریف کا نام سامنے آتا ہے۔

چودھری طارق فاروق نے کہا کہ نئی ٹیم اپنا آپ منوائے گی اور آزاد کشمیر میں تبدیلی لے کر آئے گی۔ حکومت عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرے گی۔

اسپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور کینیڈا سے سیاحوں کو آزاد کشمیر لانے کے لیے کام کیا جائے گا تاکہ خطے کی خوبصورتی اور سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جاسکے اور مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے۔

Related Articles