وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے مربوط کوششوں کے ذریعے میکرو اکنامک استحکام بحال کرلیا ہے، اب معاشی استحکام سے پائیدار ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ٹیکنالوجی کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کی جانب منتقل ہونے کی ضرورت ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ REIT اسکیم کی لسٹنگ کے موقع پر منعقدہ گونگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت میں بہتری کی علامات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حالیہ 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا پر 6 ارب ڈالر کی بولیاں موصول ہوئیں، جبکہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر تقریباً 21.4 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے ذخائر تقریباً 5.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیداواری صلاحیت بہتر بنانے، صنعتوں کو جدید بنانے اور برآمدات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ان صنعتوں پر تشویش کا اظہار کیا جو سبسڈیز اور حفاظتی ٹیرف پر انحصار کرتی رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کی شرکت میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان کے مطابق ہاؤسنگ فنانس کے لیے 340 ارب روپے متحرک کیے گئے ہیں، جبکہ 60 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے 3.9 ملین سے بڑھ کر 5.7 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔
کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا کہ پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹ میں واپسی نے سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق خودمختار کریڈٹ ریٹنگز، زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں بھی بہتری آئی ہے۔