خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس آج شام ایوانِ صدر میں طلب کرلیا گیا ہے، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔
لانگ مارچ زیرِ غور
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے اعلان کردہ لانگ مارچ سمیت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا،صوبے میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں مختلف آپشنز پر مشاورت متوقع ہے۔
صدر کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں صدر آصف علی زرداری کو خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن و امان سے متعلق موجودہ حالات پر اعتماد میں لیں گے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں صوبے کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری اور دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وفاقی سطح پر مشاورت
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی صورتحال، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور امن و امان کے معاملات کے باعث وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح پر مشاورت کا سلسلہ شروع کیا ہے، ایوانِ صدر میں ہونے والے اجلاس میں صورتحال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
اہم فیصلوں کا امکان
اجلاس میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے آئینی و سیاسی پہلوؤں پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے ، تاہم حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہی سامنے آئے گا۔


