اسلام آباد پولیس نے سیکٹر ایف-8/3 میں نواب آف بہاولپور خاندان کی رہائش گاہ پر ہونے والی بڑی چوری کا سراغ لگا کر 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی سرویلنس کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے چوری میں ملوث ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے چوری ہونے والی قیمتی اشیا میں سے تقریباً 70 سے 80 فیصد برآمد کرلی ہیں، جبکہ باقی مال مسروقہ کی برآمدگی اور دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
قاضی علی رضا کے مطابق مزید ملزمان تک پہنچنے اور باقی چوری شدہ اشیا کی برآمدگی کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، مجسمے، سونے کی پلیٹیں، بہاولپور ریاست کی مہر والی سونے کی اشیا اور ریاستی نشان کے ساتھ ایک بڑا تاریخی چاندی کا فریم شامل تھا۔
چوری ہونے والی اشیا میں بہاولپور ریاست سے وابستہ قدیم بندوقیں اور تلواریں بھی شامل تھیں، جس کے باعث یہ واردات نہ صرف چوری شدہ اشیا کی مالی قدر بلکہ ان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے اعتبار سے بھی اہم قرار دی جارہی ہے۔