خلیجی ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے دیگر ایئرپورٹس سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ یا کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کی صورتحال
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے 21 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ متعدد پروازیں 3 سے 10 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں ، طویل تاخیر اور اچانک منسوخی کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ، بہت سے مسافر ٹرمینل پر گھنٹوں انتظار کرتے رہے اور انہیں پرواز کی درست صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں دشواری پیش آئی۔
جدہ اور ریاض جانے والی پروازیں ڈائیورٹ
لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی سات سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر اتارا گیا ، پروازوں کا رخ بدلے جانے سے مسافروں کے سفری شیڈول بھی متاثر ہوئےا۔
ایئرلائنز کی مسافروں کو ہدایت
ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں ، اس سے غیر ضروری انتظار اور پریشانی سے بچا جا سکتا ہے، مسافر اپنی ایئرلائن کی ویب سائٹ، موبائل ایپ یا کال سینٹر کے ذریعے پرواز کی تازہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
خلیجی خطے میں کشیدگی کے اثرات اس سے قبل بھی فضائی سفر پر پڑ چکے ہیں جہاں 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور ایران کی جوابی کارروائیوں کے بعد قطر، کویت، بحرین اور یو اے ای سمیت کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند یا محدود کر دی تھیں، جس سے خطے میں ہزاروں پروازیں منسوخ یا ڈائیورٹ ہوئیں۔
پاکستانی مسافروں کے لیے ملازمت، عمرہ و زیارت اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے یہ ممالک اہم سفری مراکز ہیں، اس لیے وہاں کی صورتحال کا براہِ راست اثر پاکستان کے ایئرپورٹس پر پڑتا ہے۔
فضائی آپریشن مکمل طور پر معمول پر آنے تک مزید پروازوں کی تاخیر یا منسوخی کا امکان برقرار ہے، مسافر سفر سے پہلے ایئرلائن سے رابطہ کریں، ایئرپورٹ جلدی پہنچنے کے بجائے پرواز کی تصدیق کے بعد روانہ ہوں، اور غیر ضروری سفر مؤخر کرنے پر غور کریں۔