اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں زیرِ التوا دوسری قرض اقساط کے اجراء کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ خزانہ اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے درمیان قسطوں کے اجراء سے متعلق انتظامی پیچیدگی دور ہونے کے بعد 8 ہزار 523 مستحقین کی دوسری قرض قسط کی منظوری دے دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق زیرِ التوا دوسری قرض قسطوں کی ادائیگی کے لیے 6 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں ، یہ رقم نئی ضمنی گرانٹ کے بجائے پروگرام کے ریوالونگ فنڈ کی وصولیوں سے ادا کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے اس رقم کو صرف ایک مرتبہ خصوصی رعایت کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پھاٹا نے دوسری قرض قسطوں کے لیے رقم محفوظ رکھے بغیر نئے مستحقین کو پہلی قرض اقساط جاری کی تھیں، جس کے باعث دوسری قسطوں کی ادائیگی کے معاملے میں مالی پیچیدگی پیدا ہوئی۔
محکمہ خزانہ نے مالی منصوبہ بندی کی اس غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے آئندہ دوبارہ نہ دہرانے کی تنبیہ کی ہے ، حکام کے مطابق پروگرام کے لیے پہلے فراہم کیے گئے 20 ارب روپے دونوں قرض اقساط کی ادائیگی کے لیے مختص تھے۔
دستاویزات کے مطابق اب منظور کیے گئے 6 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی ، اس حوالے سے حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ موجودہ خصوصی اجازت کو مستقبل میں کسی اضافی مالی مطالبے کی نظیر نہیں بنایا جاسکے گا۔
یوں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے 8 ہزار 523 مستحقین کے لیے دوسری قرض قسط کے اجراء کا معاملہ حل ہوگیا ہے، تاہم آئندہ قسطوں کے اجرا میں مالی منصوبہ بندی اور فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔