اسلام آباد پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کردی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت پولیس کے تمام رینکس کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
نئی پالیسی کے مطابق پولیس اہلکاروں کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر پابندی ہوگی، جبکہ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنا بھی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری گاڑیوں، دفاتر اور نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیو بنانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پالیسی کے تحت بغیر اجازت میڈیا کو بیان دینے، پبلک فورمز پر اظہارِ خیال کرنے اور آرٹیکل لکھنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی، سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار نہیں کرسکیں گے، جبکہ محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک پولیس کی وردی سفید ہی کیوں ہوتی ہے؟
