سردیوں میں گیس کتنے گھنٹے ملے گی؟ شہریوں کے لیے بڑی خبر

سردیوں میں گیس کتنے گھنٹے ملے گی؟ شہریوں کے لیے بڑی خبر

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں بالخصوص خواتین کو سردیوں میں گیس کی فراہمی کے شیڈول سے متعلق فکر لاحق ہوگئی ہے، جبکہ گیس بحران کے باعث موسم سرما میں لوڈ مینجمنٹ کا معاملہ ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

پاکستان کئی سال سے گیس بحران کا شکار ہے اور گرمیوں میں بھی گھریلو و صنعتی صارفین کو لوڈ مینجمنٹ کے تحت مقررہ اوقات میں گیس فراہم کی جاتی ہے، جبکہ سردیوں میں گیس کی طلب بڑھنے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے۔

موسم سرما میں گیس کی لوڈ مینجمنٹ کے لیے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سردیوں میں گیس فراہمی کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گیس لوڈ مینجمنٹ کا جامع لائحہ عمل اور پیشگی اقدامات کرنے جبکہ مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور گیس سے متعلق حکومتی فیصلے پر آئی ایم ایف کے تحفظات سامنے آگئے

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی ترجیح ہوگی، جبکہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع کو فروغ دیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے گی، جبکہ واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بینک فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت اس وقت دسمبر سے فروری کے لیے ایل این جی کی درآمد کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ گیس کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم 22 کارگوز مانگے ہیں، جبکہ توانائی ٹاسک فورس علاقائی توانائی کے راستوں میں رکاوٹوں کے درمیان بہترین کوشش کی بنیاد پر 10 سے 12 کارگوز پر غور کر رہی ہے۔

Related Articles