اسلام آباد پولیس کے افسران اوراہلکاروں پر بڑی پابندی عائد

اسلام آباد پولیس کے افسران اوراہلکاروں پر بڑی پابندی عائد

 اسلام آباد پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کردی، جس کی منظوری آئی جی اسلام آباد نے دے دی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا،پالیسی کے تحت اسلام آباد پولیس کے تمام رینکس کے افسران و اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، پولیس اہلکار یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھچوانے سے بھی گریز کریں گے۔

ذاتی تشہیر ممنوع

نئی پالیسی کے مطابق پولیس یونیفارم کو ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے استعمال کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے، سرکاری گاڑیوں، دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا پر بیان دینے پر پابندی

پولیس افسران اور اہلکار بغیر اجازت میڈیا کو بیانات نہیں دے سکیں گے، اسی طرح پبلک فورمز پر اظہار خیال اور آرٹیکل لکھنے کے لیے بھی متعلقہ اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

سیاسی و مذہبی اظہار پر پابندی

پالیسی کے تحت پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار نہیں کرسکیں گے، کسی بھی قسم کی محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمانہ سرگرمیوں کی تشہیر

پولیس کی مثبت سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سے منظوری لینا لازمی قرار دیا گیا ہے،نئی پالیسی کے مطابق پولیس سرگرمیوں سے متعلق معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔

خلاف ورزی پر کارروائی

یونٹ سربراہان اپنے ماتحت عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے خود ذمہ دار ہوں گے، سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

editor

Related Articles