جاپان میں ایک افسوسناک واقعے نے لوگوں کو غم و غصے میں مبتلا کردیا، جہاں ایک شخص نے عمارت کی 11ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، لیکن اس کے نیچے آ کر ایک 23 سالہ لڑکی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، جبکہ چھلانگ لگانے والا شخص زندہ بچ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جاپان کے شہر ناگویا کے مصروف علاقے ساکائے، ناکا وارڈ میں جولائی کے دوران رات کے وقت پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق 29 سالہ شخص نے ایک اپارٹمنٹ کی 11ویں منزل سے چھلانگ لگائی۔ اسی وقت 23 سالہ توموکی انابا اپنی دوست کے ساتھ سڑک سے گزر رہی تھی کہ وہ شخص اس کے اوپر آ گرا۔
حادثے میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ دوسری جانب چھلانگ لگانے والا شخص بھی شدید زخمی ہوا، لیکن علاج کے بعد اس کی جان بچ گئی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ملزم کوغفلت اور لاپروائی کے باعث ہلاکت کے الزام میں گرفتار کیا۔ تاہم مقتولہ کے والد کینجی نے اس قانونی کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کو محض ایک حادثہ سمجھ کر نہ چھوڑا جائے۔
مقتولہ کے والد کے مطابق واقعہ ایسی مصروف سڑک پر پیش آیا جہاں لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ملزم کو اندازہ ہونا چاہیے تھا کہ اس کے اس اقدام سے نیچے موجود افراد کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
والد نے دعویٰ کیا کہ ملزم سے ملاقات کے دوران اس نے نیچے لوگوں کی موجودگی کے امکان کو نظر انداز کرتے ہوئے چھلانگ لگانے کی بات تسلیم کی۔ اسی بنیاد پر انہوں نے استغاثہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف الزامات کی نوعیت پر دوبارہ غور کیا جائے اور قتل کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔
مقتولہ کے والد نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی جینا چاہتی تھی، لیکن اس کی جان چلی گئی، جبکہ مرنے کی کوشش کرنے والا شخص زندہ بچ گیا۔ ان کے مطابق وہ اس واقعے کو محض حادثہ قرار دے کر ختم نہیں ہونے دیں گے اور اپنی بیٹی کے لیے انصاف چاہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کیس پر عوامی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ 45 ہزار سے زائد افراد نے مقتولہ کے والد کی جانب سے شروع کی گئی درخواست پر دستخط کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ واقعہ ایک اہم سوال اٹھاتا ہے کہ کسی شخص کے ذاتی اقدام سے اگر کسی بے گناہ کی جان چلی جائے تو اس کی قانونی ذمہ داری کا تعین کن بنیادوں پر ہونا چاہیے؟ اس کا فیصلہ شواہد اور متعلقہ قانون کے مطابق کیا جانا ضروری ہے۔