حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب 35 سال سے بڑی عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بی آئی ایس پی (بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) میں شامل کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ پی اے سی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں کمیٹی ممبر بلال مندوخیل نے کہا کہ موجودہ وقت میں غیر شادی شدہ خواتین پروگرام میں شامل نہیں تھیں حالانکہ سب سے زیادہ مدد کی ضرورت انہی افراد کو ہے جن کا کوئی سہارا نہیں۔
اس پر بی آئی ایس پی حکام نے اعلان کیا کہ 35 سال سے بڑی غیر شادی شدہ خواتین اب مالی معاونت کی فہرست میں شامل کی جائیں گی۔
دوسری جانب بی آئی ایس پی ملک بھر کے مستحق خاندانوں کو مالی، تعلیمی اور روزگار کے شعبوں میں مدد فراہم کر رہا ہے، تاہم پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم میں بعض اوقات کٹوتیوں کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اگر کسی مستحق فرد کو وظیفے کی رقم میں کٹوتی کا سامنا ہے تو وہ قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس سے رجوع کرے۔ تحصیل آفس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا متعلقہ افسر کو آگاہ کرنے کے بعد شکایت برائے خردبرد فارم فراہم کیا جائے گا۔
شکایت فارم میں درخواست گزار کو اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر، رقم وصولی کی جگہ اور کٹوتی کی مکمل تفصیلات درج کرنی ہوں گی۔ موصول ہونے والی شکایات کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے گی اور اگر شکایت درست ثابت ہوئی تو متعلقہ بینک کو رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی جائے گی۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ شخص کی کاٹی گئی رقم واپس ادا کر دی جائے گی۔
بی آئی ایس پی نے افراد کو ہدایت کی ہے کہ تحصیل آفس جاتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ اور موبائل نمبر ساتھ لے جائیں۔ اگر کوئی شخص فارم بھرنے میں مدد کا محتاج ہو تو دفتر کے عملے سے مدد حاصل کر سکتا ہے۔ مزید رہنمائی یا شکایت کے لیے بی آئی ایس پی ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔