ہالی وڈ اداکارہ کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

ہالی وڈ اداکارہ کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں

معروف امریکی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ مشہور ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ اور ہالی وڈ فلم ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘ میں اداکاری کے باعث شہرت رکھتی تھیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق اداکارہ کا انتقال 4 نومبر کو ہوا۔ اس سے قبل انہیں دل کی شریان سے متعلق ایک سنگین طبی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 اکتوبر کو لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر پر طبی ایمرجنسی پیش آئی، جس کے بعد انہیں سیڈرز سائنائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج رہیں۔

ان کی بھانجی رونڈا اسکاٹ نے امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کو بتایا کہ دل سے متعلق طبی پیچیدگی کے بعد اداکارہ اسپتال میں داخل تھیں اور بدھ کی دوپہر پرسکون انداز میں انتقال کرگئیں۔

رونڈا اسکاٹ نے پیپل میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خالہ کی شخصیت نہایت روشن اور پُراثر تھی۔ خاندان انہیں ہمیشہ محبت اور احترام کے ساتھ یاد رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:علیحدگی کی خبریں محض افواہیں، ایشوریا اور ابھیشیک کی ویڈیو وائرل

اداکاری سے کاروبار تک کا سفر

کماری جانسن کا اصل نام کم میری جانسن تھا۔ وہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں پیدا ہوئیں اور ولکنزبرگ میں پرورش پائی۔

انہوں نے کیلیفورنیا یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے ابتدائی تعلیم اور بچوں کی نفسیات کے شعبوں میں تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں وہ نیویارک منتقل ہوگئیں، جہاں انہوں نے بین الاقوامی پروازوں میں فضائی میزبان کے طور پر کام شروع کیا۔ اسی دوران انہیں ماڈلنگ کے شعبے میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔

کماری جانسن نے حسن کے مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ 1993 میں وہ مس پنسلوانیا یو ایس اے منتخب ہوئیں اور مس یو ایس اے کے فائنل مرحلے تک پہنچیں۔

اسی سال انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ کی ایک قسط سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ بعد ازاں وہ ٹی وی سیریز ’V.I.P.‘ سمیت مختلف پروگراموں اور فلموں میں دکھائی دیں۔

ان کی نمایاں فلموں میں ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘، ’لیگیسی‘ اور ’دی سمر آف میسیکر‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے آزاد فلموں ’بریک اے لیگ‘، ’گینگ وارز‘، ’اسپینش فلائی‘ اور ’شیڈو فیوری‘ میں بھی کام کیا۔ ان کا آخری اداکاری کا کام 2017 میں ٹی وی سیریز ’ٹکرز وار‘ کی ایک قسط میں سامنے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وینا ملک برسوں بعد ٹی وی اسکرین پر واپس، نیا روپ دیکھ کر مداح حیران

اداکاری کے بعد کاروباری دنیا میں قدم

2003 میں بیٹے کی پیدائش کے بعد کماری جانسن نے کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے وقفہ لے لیا۔ تاہم بعد میں وہ دوبارہ شوبز سے وابستہ ہوئیں اور 2007 سے 2010 کے دوران متعدد اسٹیج ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔ ان میں ’اے کرسمس کیرول‘ بھی شامل تھا۔ 2011 میں انہوں نے جلد کی دیکھ بھال سے متعلق اپنی کمپنی ’اسکن گلو بائی کماری‘ قائم کی، جسے وہ اپنی وفات تک چلاتی رہیں۔

رواں سال وہ لاس اینجلس میں فلم ’مائیکل‘ کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئی تھیں۔ یہ ان کی آخری عوامی تقریبات میں سے ایک تھی۔ کماری جانسن کی اچانک موت کی خبر نے ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں کو افسردہ کردیا ہے۔

editor

Related Articles