ایک چھوٹا سا شوق بنا عالمی ریکارڈ، 5 ہزار کلو وزنی گولا تیار

ایک چھوٹا سا شوق بنا عالمی ریکارڈ، 5 ہزار کلو وزنی گولا تیار

امریکی شہری کلاڈ پی مور نے 10 سال سے زائد عرصے کی محنت کے بعد ربڑ بینڈز سے دنیا کا سب سے بڑا گولا تیار کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس دیوہیکل گولے کا وزن 5 ہزار 252 کلوگرام سے زیادہ ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امریکی شہر ڈیٹرائٹ سے تعلق رکھنے والے کلاڈ پی مور نے ہزاروں ربڑ بینڈز کو ایک ساتھ جوڑ کر یہ منفرد کارنامہ انجام دیا۔

مور نے بتایا کہ ربڑ بینڈز سے چھوٹے چھوٹے گولے بنانے کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انہیں خون کی بیماری ہیموفیلیا کے معائنے کے لیے اکثر ڈاکٹر کے پاس جانا پڑتا تھا۔

تاہم 2015 میں ان کے چند ساتھیوں نے انہیں ربڑ بینڈز سے ایک بہت بڑا گولا بنانے کا چیلنج دیا۔ اس چیلنج نے انہیں ایسا منفرد منصوبہ شروع کرنے پر آمادہ کیا جو بالآخر عالمی ریکارڈ پر منتج ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک پیزے کی خاطر نوکری داؤ پر، اطالوی شیف کا انناس سے انکار مہنگا پڑ گیا

وقت کے ساتھ ربڑ بینڈز کا یہ گولا اتنا بڑا ہوگیا کہ اسے گھر کے گیراج میں رکھنا بھی ممکن نہ رہا۔ اس لیے اسے ایک مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔

گزشتہ اگست میں کلاڈ پی مور اور ان کے درجنوں معاونین نے اس بھاری بھرکم گولے کو اسٹوریج یونٹ سے باہر نکالا۔ بعد ازاں کرین کی مدد سے اسے بیلے آئل منتقل کیا گیا، جہاں گینیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کی موجودگی میں اس کا باقاعدہ وزن کیا گیا۔

وزن کی تصدیق کے بعد اسے دنیا کا سب سے بڑا ربڑ بینڈ بال قرار دے دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ مور نے فلوریڈا کے رہائشی جوئل واؤل کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا، جنہوں نے 2008 میں تقریباً 4 ہزار 99 کلوگرام وزنی ربڑ بینڈز کا گولا تیار کیا تھا۔

یوں ایک معمولی مشغلے سے شروع ہونے والی کوشش نے 10 سال بعد کلاڈ پی مور کو عالمی ریکارڈ ہولڈر بنا دیا۔

editor

Related Articles