عالیہ بھٹ کی والدہ کا ایک دن میں 100 سگریٹ پینے کا انکشاف، وجہ بھی بتا دی

عالیہ بھٹ کی والدہ کا ایک دن میں 100 سگریٹ پینے کا انکشاف، وجہ بھی بتا دی

بالی ووڈ اداکارہ سونی رازدان نے اپنی زندگی سے جڑا ایک ایسا واقعہ بیان کیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ اداکارہ کے مطابق وہ اپنی بیٹی عالیہ بھٹ کے حمل کے دوران ایک فلم کی شوٹنگ میں صرف ایک دن کے اندر تقریباً 100 سگریٹ پی گئی تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونی رازدان نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے شوبز کیریئر اور ذاتی زندگی کے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے کیریئر کے دوران وہ مختلف فلموں اور ٹی وی ڈراموں کی شوٹنگ کے وقت حاملہ ہوئیں، تاہم انہیں پروڈکشن ٹیم اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعاون حاصل رہا۔

اداکارہ کے مطابق وہ پہلی مرتبہ 1986 میں نشر ہونے والے ٹی وی ڈرامے ’’بنیاد‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حاملہ ہوئی تھیں۔ اس وقت ڈرامے کی ٹیم نے ان کی سہولت کا خاص خیال رکھا اور صبح کے وقت ممبئی میں ٹیکسی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں پک اینڈ ڈراپ کے لیے گاڑی بھی فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں:صبا قمر دلہن بننے والی ہیں؟ اداکارہ نے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

سونی رازدان اور معروف فلم ساز مہیش بھٹ کے ہاں 1988 میں پہلی بیٹی شاہین بھٹ پیدا ہوئیں، جبکہ دوسری مرتبہ اداکارہ 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گمراہ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حاملہ ہوئیں۔

سونی رازدان نے بتایا کہ فلم کے ایک منظر میں انہیں سگریٹ نوشی کرتے ہوئے دکھایا جانا تھا۔ اس منظر کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک ہی دن میں تقریباً 100 سگریٹ پی لیں۔ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کے ساتھ حاملہ ہیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ معمول کے طور پر سگریٹ نوشی نہیں کرتی تھیں، تاہم اس واقعے کے بعد انہیں سگریٹ پینے کی طلب محسوس ہونے لگی تھی۔ ان کا یہ انکشاف سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔

editor

Related Articles