ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع تاریخی مسجد آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے دفن زیرِ زمین سرنگوں کا ایک قدیم نظام دوبارہ منظرِ عام پر آگیا ہے۔ ماہرین نے تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹانے کے بعد ایسے خفیہ راستوں تک رسائی حاصل کرلی ہے جو طویل عرصے سے مٹی کے نیچے چھپے ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تاریخی سرنگوں کی کھدائی اور صفائی کا کام فروری 2025 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے ذریعے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو آیا صوفیہ کے ان حصوں تک پہنچنے کا موقع ملا ہے جہاں پہلے رسائی ممکن نہیں تھی۔
ماہرِ آثارِ قدیمہ حسن فرات دیکر نے 16 اکتوبر کو استنبول میں ایک پریزنٹیشن کے دوران بتایا کہ یہ سرنگیں تقریباً 1600 سال قدیم ہیں اور رومی دور میں تعمیر کی گئی تھیں۔
ان کے مطابق زیرِ زمین یہ راستے ماضی میں پانی کی ترسیل اور نکاسیِ آب کے نظام کا حصہ تھے، جبکہ بعض حصوں کو محفوظ گزرگاہوں کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:گروسری اسٹور سے گھر جاتے ہوئے ایسا کیا ہوا کہ خاتون کروڑ پتی بن گئیں
ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ زیرِ زمین موجود بعض تعمیراتی ڈھانچے موجودہ آیا صوفیہ کی عمارت سے بھی قدیم ہیں۔ تاریخی ریکارڈ کے مطابق آیا صوفیہ کی موجودہ عمارت 537 عیسوی میں بازنطینی شہنشاہ جسٹینین اوّل کے دور میں مکمل ہوئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہرین کئی دہائیوں سے ان سرنگوں کے وجود سے واقف تھے، لیکن ملبے اور مٹی کی وجہ سے ان کے بیشتر حصوں تک پہنچنا ممکن نہیں تھا۔
حالیہ صفائی اور کھدائی کے بعد محققین کو اس قدیم زیرِ زمین نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت رومی اور بازنطینی تہذیبوں کے تعمیراتی فن، شہری منصوبہ بندی اور پانی کی فراہمی کے قدیم نظام کو سمجھنے میں اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
