سینئر سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا غصہ، غرور اور تکبر اب کھل کر سامنے آ رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی شخصیت کے پوشیدہ پہلو بے نقاب ہو رہے ہیں، ریاست کو دھمکانے اور بلیک میل کرنے کا دور گزر چکا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے علماء اور طلباء سے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان کی تقریر کا ایک ایک لفظ غرور، تکبر اور فرعونیت کا عکاس تھا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تکبر اور غرور سے باز آئیں، آپ کی روزمرہ گفتگو اور تقاریر کا انداز مناسب نہیں۔ شاید آپ کو اپنی مبینہ نجی ملیشیا پر غرور ہے، لیکن اگر ہمت ہے تو ہمیں ہاتھ لگا کر دکھائیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہر شخص معاشرے اور ریاست کے اجتماعی نظام کا پابند ہے اور ریاست کی رٹ کے سامنے سب کو جھکنا پڑتا ہے، تاہم مولانا فضل الرحمان نے فرعون اور نمرود جیسے رویے اختیار کر لیے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے مالی معاملات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ان سے کاروبار، اربوں روپے کے مکانات، مفتی محمود مرکز کی تعمیر اور بڑے پیمانے پر مدارس کے قیام کے لیے وسائل کے ذرائع پوچھے جاتے ہیں تو جواب دیا جاتا ہے کہ تم کون ہوتے ہو ہم سے سوال کرنے والے؟
فیاض الحسن چوہان نے مولانا فضل الرحمان کے طرزِ سیاست کا موازنہ عمران خان سے کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عمران خان بھی اسی قسم کے غرور اور تکبر کا مظاہرہ کرتے تھے۔ ان کے بقول عمران خان کے حامیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی، جبکہ ملک دشمن طاقتوں کے سوشل میڈیا نے انہیں مقبولیت کا بت بنا رکھا تھا۔ عمران خان خود کو ریڈ لائن قرار دیتے تھے، لیکن آج ان کے نام پر احتجاج کرنے والا بھی کوئی موجود نہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ، خیرات اور چندوں پر انحصار کرنے والے مدرسوں کے معصوم بچوں کو استعمال کرکے ریاست کو آنکھیں نہیں دکھا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص، خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، ریاست کے ساتھ تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ جو شخص خود ریاست کا مرہونِ منت ہو، وہ ریاست کو دھمکیاں نہیں دے سکتا۔ جس دن ریاست نے کارروائی کا فیصلہ کر لیا، اس دن دیکھیں گے کہ کون سے مدارس کے بچے مولانا فضل الرحمان کو بچانے آتے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پورا گروہ نوسربازوں اور دین کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والوں پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق ریاست کو بلیک میل کرنے کا زمانہ گزر چکا ہے، سیاسی سرگرمیاں آئینی اور قانونی دائرے میں رہ کر ہی جاری رہ سکتی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے خبردار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا سیاسی رویہ تبدیل کرنا ہوگا، کیونکہ بدمعاشی اور بلیک میلنگ اب نہیں چلے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس دن ریاست نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف فیصلہ کن اقدام کا فیصلہ کر لیا، ان کا نام لینے والا بھی کوئی باقی نہیں رہے گا۔