نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ صوبوں کی توڑ پھوڑ نہیں، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا تقسیم کا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، اصل سوالات سے فرار ہے، عوامی حلقے
Home - آزاد سیاست - نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ صوبوں کی توڑ پھوڑ نہیں، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا تقسیم کا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، اصل سوالات سے فرار ہے، عوامی حلقے
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی یونٹس میں اضافے کے معاملے پر جاری سیاسی بحث میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے مؤقف پر شدید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کے عوامی مطالبے کو موجودہ صوبوں کی تقسیم، جغرافیائی وحدت کے خاتمے اور وفاق کے لیے خطرے سے جوڑنے کو سیاسی حلقوں میں اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ساسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عوام انتظامی سہولت، اختیارات کی منتقلی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور محروم علاقوں کی ترقی کی بات کر رہے ہیں، لیکن سیاسی قیادت اس بنیادی مطالبے کا جواب دینے کے بجائے صوبائی تقسیم کے خدشات کو اچھال کر بحث کا رخ تبدیل کر رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو دانستہ طور پر موجودہ صوبوں کی توڑ پھوڑ کے ساتھ نتھی کرنا ایک گمراہ کن سیاسی حکمت عملی ہے، کیونکہ انتظامی یونٹس میں اضافہ اور کسی موجودہ صوبے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی دو الگ آئینی و انتظامی معاملات ہیں۔
نئے صوبوں کا مطالبہ کرنے والے حلقوں کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ ملک کے وسیع رقبے، بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کے پیش نظر اختیارات کو عوام کے قریب منتقل کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس تناظر میں بلاول بھٹو زرداری اور فضل الرحمان کے سیاسی مؤقف پر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر نئے صوبوں کا قیام ان کے نزدیک مسائل کا حل نہیں تو پھر وہ محروم علاقوں کے لیے کون سا قابلِ عمل متبادل انتظامی نظام پیش کرتے ہیں؟
کیا صرف صوبائی وحدت اور جغرافیائی شناخت کے تحفظ کے نعرے سے جنوبی پنجاب، بہاولپور، ہزارہ اور دیگر علاقوں کے انتظامی مسائل حل ہو سکتے ہیں؟ کیا ان علاقوں کے عوام کو اپنے جائز مطالبات پیش کرنے کا بھی حق حاصل نہیں؟
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ کی وحدت اور نئے صوبوں کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرنے کے بعد یہ بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کا استدلال ہے کہ سندھ کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور صوبوں کی تقسیم کے کسی بھی منصوبے کی مخالفت کی جائے گی۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سندھ کی شناخت اور وحدت کے تحفظ کو ملک بھر میں انتظامی اصلاحات کے مطالبے کی مخالفت کے لیے استعمال کرنا ایک غیر متعلقہ دلیل ہے۔
کسی صوبے کی شناخت کا احترام کرتے ہوئے بھی ملک کے دوسرے علاقوں میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر بات کی جا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر تنقید کرنے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ صوبائی خودمختاری کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کے عوام کو بااختیار بنانے کے لیے کیا عملی اقدامات چاہتی ہے جو موجودہ انتظامی ڈھانچے میں خود کو نظرانداز اور محروم محسوس کرتے ہیں۔
اگر اصل مسئلہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی ہے تو پھر یہ بھی بتایا جائے کہ مقامی حکومتوں کو حقیقی مالی اور انتظامی اختیارات دینے کے لیے پیپلز پارٹی کا عملی منصوبہ کیا ہے۔
محض نئے صوبوں کے مطالبے کو سندھ کی تقسیم کے خطرے سے جوڑ دینا ان بنیادی سوالات کا جواب نہیں۔
دوسری جانب فضل الرحمان کے مؤقف پر بھی سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کی جانب سے نئے صوبوں کے معاملے پر مختلف مواقع پر سامنے آنے والی گفتگو اور بعد ازاں صوبائی وحدت اور ریفرنڈم کے حوالے سے اختیار کیے گئے سیاسی مؤقف نے بحث کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فضل الرحمان جیسے تجربہ کار سیاست دان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس معاملے کو سیاسی مفادات اور جذباتی نعروں کے بجائے انتظامی ضروریات اور عوامی مسائل کی بنیاد پر دیکھیں گے۔
انہیں واضح کرنا چاہیے کہ اگر نئے صوبے قابلِ قبول نہیں تو پھر پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کا متبادل راستہ کیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کے بیانیے میں سب سے بڑا تضاد یہ ہے کہ دونوں رہنما صوبائی وحدت اور وفاقی نظام کے تحفظ کی بات تو کرتے ہیں، لیکن نئے انتظامی یونٹس کے حامیوں کے بنیادی سوالات کا تسلی بخش جواب سامنے نہیں لاتے۔
کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ نئے صوبوں کی تجویز سے اختلاف کرے، لیکن اختلاف کی بنیاد حقائق، آئینی تقاضوں اور انتظامی دلائل پر ہونی چاہیے، نہ کہ ایسے خدشات پر جن سے عوام کے ذہنوں میں یہ تاثر پیدا ہو کہ انتظامی اصلاحات کا ہر مطالبہ لازماً موجودہ صوبوں کو توڑنے کی سازش ہے۔
پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، بڑے انتظامی یونٹس اور دور دراز علاقوں کے مسائل اس بات کے متقاضی ہیں کہ ملک میں گورننس کے نظام کا سنجیدہ جائزہ لیا جائے۔
جنوبی پنجاب اور بہاولپور میں الگ صوبے یا انتظامی یونٹ کے مطالبات طویل عرصے سے موجود ہیں، جبکہ ہزارہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی انتظامی اور سیاسی نمائندگی کے حوالے سے آوازیں اٹھتی رہی ہیں۔ ان مطالبات کو محض صوبائی تقسیم کے خدشات کے ذریعے مسترد کرنا ان علاقوں کے عوام کی محرومیوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
یہاں یہ حقیقت بھی اہم ہے کہ آئین پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے واضح طریقہ کار موجود ہے۔
آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، جبکہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق ترمیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی مجموعی رکنیت کے دو تہائی ووٹ بھی لازمی ہیں۔
اس آئینی طریقہ کار کی موجودگی میں نئے صوبوں کے قیام کو کسی یکطرفہ فیصلے یا فوری طور پر صوبوں کی توڑ پھوڑ کے مترادف قرار دینا حقائق کی مکمل ترجمانی نہیں کرتا۔
ناقدین کے مطابق اگر بلاول بھٹو زرداری اور فضل الرحمان واقعی وفاق، صوبائی خودمختاری اور عوامی مفاد کے تحفظ کے خواہاں ہیں تو انہیں محض مخالفت کے بیانات دینے کے بجائے انتظامی اصلاحات کا جامع متبادل پیش کرنا چاہیے۔
انہیں بتانا ہوگا کہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کیسے ختم ہوگی، مقامی حکومتوں کو مالی خودمختاری کیسے ملے گی اور دور دراز علاقوں کے عوام کو فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی کیسے دی جائے گی۔
سیاسی مبصرین کے نزدیک نئے صوبوں کے مطالبے کو موجودہ صوبوں کی تقسیم کا نام دے کر سیاسی بحث کو جذباتی رنگ دینا دراصل اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کا باعث بن رہا ہے۔
عوام کو سیاسی نعروں، خوف اور صوبائی عصبیت کے بجائے حقائق اور قابلِ عمل تجاویز درکار ہیں۔ اگر کسی سیاسی جماعت کے پاس نئے صوبوں کے قیام سے بہتر انتظامی ماڈل موجود ہے تو اسے عوام کے سامنے لایا جائے، اس پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے اور محروم علاقوں کو اس کا عملی فائدہ پہنچایا جائے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ موجودہ صوبوں کو توڑا جائے یا ان کی حدود تبدیل کی جائیں، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کا موجودہ انتظامی نظام تمام شہریوں کو یکساں سہولتیں، نمائندگی اور ترقی کے مواقع فراہم کر رہا ہے؟
بلاول بھٹو زرداری اور فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی قیادت کو اس سوال کا جواب دینا ہوگا۔ عوام کے انتظامی حقوق اور محرومیوں کے خاتمے کے مطالبے کو صوبائی تقسیم کا خوف دلا کر دبایا نہیں جا سکتا۔