تامل فلم انڈسٹری کے 2 بڑے ستارے تھلاپتی وجے اور اجیت کمار اس بار کسی فلم کے سیٹ پر نہیں بلکہ برطانیہ کے معروف سلورسٹون سرکٹ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
12 ستمبر کو ہونے والی مشیلن لی مانز کپ ریس میں وجے خصوصی مہمان کی حیثیت سے ریس کا آغاز کریں گے، جبکہ اجیت کمار خود ریس میں حصہ لیتے ہوئے ٹریک پر نظر آئیں گے۔
تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ اور اداکار سی جوزف وجے کو 2026 مشیلن لی مانز کپ کے پانچویں راؤنڈ کیلئے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔وجے سلورسٹون پہنچ کر سبز جھنڈی لہرا کر ریس کا آغاز کریں گے۔ وہ مقابلے میں شریک بھارتی ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔
دوسری جانب اجیت کمار اپنی ٹیم اجیت ریڈ اینٹ بائی وریج کی نمائندگی کرتے ہوئے ایل ایم پی تھری پرو ایم کیٹیگری میں مقابلہ کریں گے۔ اجیت نمبر 16 لیگیر گاڑی فرانسیسی ڈرائیور رومین ووزنیاک کے ساتھ شیئر کریں گے۔ اداکاری کے ساتھ اجیت کمار موٹر اسپورٹس میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور 2026 کے سیزن میں مشیلن لی مانز کپ کا حصہ بنے ہیں۔
سلورسٹون راؤنڈ میں بھارتی موٹر اسپورٹس کی نمائندگی صرف اجیت کمار تک محدود نہیں ہوگی۔ سابق فارمولا ون ڈرائیور نارائن کارتھیکیئن اور آدتیہ پٹیل بھی مقابلے میں شریک ہوں گے۔
وجے کی اس تقریب میں شرکت ایسے وقت میں ہورہی ہے جب تامل ناڈو حکومت نے چنئی میں ایک مخصوص موٹر اسپورٹس سٹی بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ریاست میں موٹر اسپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔ اجیت کمار نے بھی اس منصوبے کو بھارت میں موٹر اسپورٹس کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
مشیلن لی مانز کپ کو فارمولا ون سے مختلف سمجھا جاتا ہے۔ فارمولا ون میں ایک ڈرائیور سنگل سیٹر گاڑی چلاتا ہے، جبکہ لی مانز کپ اینڈورنس ریسنگ چیمپئن شپ ہے جس میں ایک گاڑی دو ڈرائیورز شیئر کرتے ہیں۔
یہ چیمپئن شپ 2016 میں شروع ہوئی تھی اور ڈرائیورز کو اینڈورنس ریسنگ میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہاں سے ڈرائیور یورپی لی مانز سیریز اور دیگر بڑے مقابلوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
2026 کے سیزن میں بارسلونا، پال ریکارڈ، لی مانز، سپا فرانکورشامپس، سلورسٹون اور پورٹیماؤ جیسے معروف یورپی ریسنگ سرکٹس شامل ہیں۔12 ستمبر کو سلورسٹون کے 5.891 کلومیٹر طویل گرینڈ پری سرکٹ پر ہونے والی ریس کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا۔
تامل فلموں کے مداحوں کیلئے یہ موقع اس لیے بھی خاص ہوگا کہ ایک طرف وجے ریس کا آغاز کرائیں گے اور دوسری طرف اجیت کمار اسی ٹریک پر اپنی گاڑی دوڑاتے دکھائی دیں گے۔ یوں دونوں مقبول اداکار پہلی بار ایک منفرد موٹر اسپورٹس موقع پر ایک ہی مقام پر توجہ کا مرکز بنیں گے۔