وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ آئینی ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری صدر آصف علی زرداری تھے، ستائیسویں ترمیم کے حوالے سے اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ زبردستی اور دھونس سے ترمیم کرائی گئی تو یہ سیاسی بدیانتی ہے، گزشتہ ترمیم صدر مملکت کی ذات کے گرد گھومتی تھی اور انہیں تاحیات استثنیٰ دیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وہ گزشتہ ترمیم کی میٹنگ میں شامل تھے، اس ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری آصف علی زرداری تھے، صدر مملکت کو ساری عمر کا استثنیٰ دیا گیا، اس لیے یہ کہنا کہ ترمیم زبردستی یا دھونس سے منظور کرائی گئی، سیاسی بدیانتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہر موقع پر اس قسم کے معاملات میں بولی لگوانا شروع کردینا اچھی بات نہیں، ایسی باتوں سے سیاست پر دھبے لگتے ہیں اور ہمارا کیا تاثر جاتا ہے، سیاست میں اس طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی پرامید ہیں کہ جو بھی ہوگا ملک کے لیے اچھا ہوگا، جس ایجنڈے پر کام ہورہا ہے اس پر کچھ لے دے ہوسکتی ہے، سمجھوتے ہوسکتے ہیں اور راستے نکل سکتے ہیں، لیکن یہ ضرور ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر آپ طاقتور کے قریب ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر نکل جائیں، سیاسی تنقید ضرور کریں، چاہے دس مرتبہ کریں، لیکن دھمکی آمیز زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ میں بولوں گا تو تم منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے، کوئی اچھی بات نہیں، یہ سیاسی زبان نہیں بلکہ دھمکی ہے۔
رانا ثنا اللہ کی تعریف کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مشکلات کا جوانمردی سے سامنا کیا، مشکل وقت یا آزمائش کی گھڑی میں ساتھی کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ دوست اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ماضی کے واقعات کا ذکر کررہے ہیں، موجودہ وقت میں نہ کوئی مشکل ہے اور نہ آزمائش کی گھڑی۔ 26 سال پہلے رانا ثنا اللہ کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اور پی ٹی آئی دور میں انہوں نے جس قید کا سامنا کیا، کوئی دوسرا شخص ان کی جگہ ہوتا تو شاید گھٹنے ٹیک دیتا، اسی لیے وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نواز شریف اس طرح کے معاملات میں شامل نہیں ہوتے، ہم سیاسی کارکن ہیں اور ہم سے غلطیاں بھی ہوتی ہیں، لیکن ہم اول و آخر سیاسی ورکرز ہیں، اپنی بات کے پیچھے ہر قسم کے خطرات اور نتائج کا سامنا کرتے ہیں، غلطی ہو تو اس کی قیمت ادا کرتے ہیں اور اچھی بات پر لوگ دعائیں بھی دیتے ہیں۔