پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ نے سرحد پار بھی دھوم مچا دی، بھارتی دارالحکومت دہلی میں ڈرامے کی 33ویں قسط دیکھنے کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں شرکت کے لیے سینکڑوں افراد نے دلچسپی ظاہر کی۔
دہلی کے ایک کیفے میں منعقدہ اسکریننگ کے لیے صرف 45 افراد کو داخلے کی اجازت دی گئی، جبکہ ٹکٹ کی قیمت 899 بھارتی روپے مقرر کی گئی تھی۔ تقریب میں خواتین کے مقابلے میں مرد مداحوں کی تعداد زیادہ رہی، جہاں 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین شریک ہوئیں۔
تقریب کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ڈرامے سے متعلق مختلف گیمز اور کوئز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مداحوں کو ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان سے ویڈیو کال پر گفتگو کا موقع بھی ملا۔ یہ گفتگو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
ڈرامے میں شہریار منور کے ادا کردہ کردار ’ابوبکر‘ کو بھارتی ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ منتظمین کے مطابق کردار کی شرافت، محبت اور جذباتی پختگی اس کی مقبولیت کی بڑی وجوہات ہیں۔
بھارتی مداحوں کی جانب سے ملنے والے غیر معمولی ردعمل کے بعد اب ڈرامے کی آخری قسط کی خصوصی اسکریننگ منعقد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔