عمان میں جاری عالمی اسنوکر کپ کے دوسرے روز پاکستانی کیوئسٹس نے سبز میز پر اپنی برتری ثابت کر تے ہوئے بھارت کو دھول چٹا دی ۔
سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر اگلے مرحلے کا ٹکٹ کٹا لیا ، جبکہ ایونٹ میں شریک دیگر تینوں پاکستانی کھلاڑی بھی ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ایونٹ کے دوسرے روز سابق عالمی چیمپئن محمد آصف بھرپور فارم میں نظر آئے ، انہوں نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے نظام الدین احمد کو زیر کیا اور اس کے بعد بھارتی حریف ملکیت سنگھ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-3 کے واضح اسکور سے کامیابی سمیٹ کر ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھ دیا۔
قومی دستے کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی سے شائقین کے دل جیت لیے ، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے بھی دونوں قومی کیوئسٹس نے دوسرے روز اپنے دونوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
بھارت کے دھیتا مہرہ کے خلاف شکست کے باوجود رانا عارف مجموعی کارکردگی اور پوائنٹس کی بنیاد پر ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔
ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑیوں کی اگلے مرحلے میں رسائی کے بعد عالمی ٹائٹل جیتنے کے لیے پاکستان کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔