امن و امان کے قیام کے نام پر بنی امن کمیٹی عیاشی کا اڈہ بن گئی ، بنوں کے تھانوں کے اندر ہونیوالی ان مجرا پارٹیوں اور نوٹوں کی کھلی برسات نے عوامی حلقوں میں شدید غصے اور گہری تشویش کو جنم دے دیا ہے۔
منظرِ عام پر آنے والی ویڈیوز میں رقص و موسیقی کے دوران اڑائے جانے والے نوٹوں نے نہ صرف تھانوں کے تقدس کو روند ڈالا ہے بلکہ قانون کے رکھوالوں کی کارکردگی اور ریاستی رٹ پر بھی سنگین سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
اس سارے معاملے میں امن کمیٹی کے کردار پر عوام کی جانب سے سخت ترین تحفظات اور سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ امن کمیٹیوں کا مقصد علاقے میں امن، ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوتا ہے، لیکن بنوں میں سامنے آنے والے مناظر سے تاثر ملتا ہے کہ امن کمیٹی کے لبادے اور پولیس کے نام کو ذاتی تسکین، عیاشی اور غیر اخلاقی محافل کے لیے ڈھال بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایک طرف بلاول کی شاہانہ عیاشیاں، دوسری طرف عوام کے نصیب میں آلودہ پانی! سندھ کا نظامِ حکمرانی سوالیہ نشان بن گیا
عوامی حلقوں کے مطابق جب سرکاری تحویل اور تھانوں کی حدود میں ایسی سرگرمیاں ہوں تو امن کمیٹیوں کی ساکھ اور افادیت پر اعتماد بری طرح مجروح ہوتا ہے۔
مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے کھل کر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ذاتی عیاشی کے لیے پولیس یا امن کمیٹی کا نام استعمال کر کے نظام کا مذاق اڑائے۔
عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور سخت تحقیقات کر کے امن کمیٹی کے مشکوک کردار سمیت تمام ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، تاکہ آئندہ کوئی بھی سرکاری ادارے کے تقدس اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی جرات نہ کر سکے۔