طلبہ کی گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیاں کم کرنے کی تیاری، نیا تعلیمی کیلنڈر منظور ی کیلئے پیش

طلبہ کی گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیاں کم کرنے کی تیاری، نیا تعلیمی کیلنڈر منظور ی کیلئے پیش

محکمہ سکول ایجوکیشن نے آئندہ تعلیمی سال کے لیے نیا تعلیمی کیلنڈر تیار کر لیا، طلبہ کو سال بھر میں کم از کم 190 تدریسی روز فراہم کرنے کی تجویز دے دی گئی، جبکہ امتحانات کے لیے الگ سے 20 روز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مجوزہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت طلبہ کے تدریسی دنوں کی تعداد پوری کرنے کے لیے گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات میں کمی کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے تعلیمی سال کا شیڈول ترتیب دے کر حتمی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کی تیاری کر لی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے سموگ، موسم کی شدت اور مختلف ہنگامی حالات کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات کرنا پڑتی ہیں، جس کے نتیجے میں مقررہ تعلیمی سال کے تدریسی دن مکمل نہیں ہو پاتے۔

تعلیمی دنوں کی کمی کے باعث گزشتہ دو سال کے دوران نصاب میں بھی کمی کرنا پڑی، جس سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں اور نصاب کی بروقت تکمیل متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:پارک لین کے 3.77 ارب، توشہ خانہ گاڑیوں اور جعلی اکاؤنٹس کے 35 ارب کے کیسز دفن! 27ویں ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری آصف زرداری سے متعلق بڑے راز کھل گئے

اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ تعلیمی سال کے لیے نیا کیلنڈر تیار کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں تدریسی دنوں کی مقررہ تعداد یقینی بنانا اور نصاب کو بروقت مکمل کرنا ہے۔

مجوزہ کیلنڈر میں سال بھر کے دوران کم از کم 190 دن باقاعدہ تدریس کے لیے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ امتحانات کے انعقاد کے لیے 20 دن الگ رکھے جائیں گے۔

تجویز کے مطابق تدریسی دنوں کی مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے لیے موسم گرما اور موسم سرما کی تعطیلات کے دورانیے پر نظرثانی کی جائے گی، تاہم تعطیلات میں کمی اور نئے تعلیمی شیڈول کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی کی منظوری کے بعد ہوگا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کا مؤقف ہے کہ نئے تعلیمی کیلنڈر کے ذریعے بار بار تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے کے اثرات کم کیے جا سکیں گے اور طلبہ کو پورا تعلیمی سال تدریسی سرگرمیوں کے لیے میسر آ سکے گا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles