چین میں ایک ایسا منفرد ریسٹورنٹ موجود ہے جہاں کھانا آرڈر کرنے کے لیے بولنے کی ضرورت نہیں پڑتی، بلکہ ہاتھوں کے اشاروں، مسکراہٹ اور محبت بھرے رویے سے ہی کام ہوجاتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق صوبہ شانشی کے شہر تائی یوان میں قائم ’چاؤشان ڈیف سسٹر‘ نامی اس ریسٹورنٹ کو سماعت سے محروم میاں بیوی ین ینگ اور فینگ یابین چلاتے ہیں۔
اس ریسٹورنٹ میں آنے والے گاہک مینیو کی طرف اشارہ کرکے، ہاتھوں کے اشاروں یا چینی اشاروں کی زبان کے مخصوص چارٹ کی مدد سے اپنی پسند کا کھانا آرڈر کرتے ہیں۔
ریسٹورنٹ کے مالکان نے نہ صرف خود کاروبار شروع کیا بلکہ سماعت سے محروم دیگر افراد کو بھی ملازمت فراہم کی ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع مل سکیں اور وہ ایک سازگار ماحول میں کام کرسکیں۔
اس ریسٹورنٹ کی خاص بات صرف اس کا منفرد طریقہ کار نہیں بلکہ یہاں دکھائی جانے والی انسان دوستی بھی ہے۔ انتظامیہ ایسے افراد کو مفت کھانا فراہم کرتی ہے جو مالی مشکلات کے باعث کھانے کی قیمت ادا نہیں کرسکتے۔ ان میں سماعت سے محروم طلبہ اور صفائی کا کام کرنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں یہ ریسٹورنٹ اس وقت سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا جب ایک انفلوئنسر وہاں پہنچا اور بتایا کہ اس کے پاس کھانے کے پیسے نہیں ہیں۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے نہ صرف اسے مفت کھانا پیش کیا بلکہ کاؤنٹر پر موجود رقم بھی اسے دینے کی پیشکش کردی۔
چینی جوڑے کے اس ہمدردانہ رویے سے متاثر ہوکر انفلوئنسر نے ان کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس کے بعد ریسٹورنٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
یہ ریسٹورنٹ اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ دوسروں کی مدد اور محبت کے اظہار کے لیے الفاظ کا ہونا ضروری نہیں، بعض اوقات ایک اشارہ اور خلوص بھری مسکراہٹ ہی بہت کچھ کہہ جاتی ہے۔