عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن اور مؤثر کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں، جن کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے جانے والے ان مربوط آپریشنز میں کرم، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ ہیڈ کرم میں خوارج کی مشکوک نقل و حرکت کی بروقت نشاندہی پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی عمل میں لائی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین خوارج جہنم واصل جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
ضلع کرک میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب اور اہم کمانڈر شعیب عرف سیف الاسلام کو ہلاک کر دیا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کری جمعہ خان میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بدنامِ زمانہ دہشت گرد گل زمان عرف سرسترگے کو جہنم واصل کر دیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول اور بیگ بھی برآمد کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی یہ فیصلہ کن کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔