پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آگئی ہے۔ مالدیپ کی قومی ایئرلائن نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، جس سے پاکستانیوں کے لیے اس خوبصورت سیاحتی مقام تک سفر مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس منصوبے پر اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین کی ملاقات کے دوران گفتگو ہوئی۔
وزارت داخلہ کے مطابق مجوزہ پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ ملے گا۔ محسن نقوی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی سیاحوں کو مالدیپ جانے میں سہولت ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی روابط مضبوط ہوں گے۔یہ بھی پڑھیں:گوگل میٹ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری! نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان
حکام کے مطابق پہلی پرواز میں پاکستانی کرکٹرز، فنکاروں اور دیگر معروف شخصیات کو بھی مالدیپ لے جانے کی توقع ہے۔ مالدیپ کے وزیر سیاحت محمد امین کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار اور مشہور شخصیات مالدیپ میں مقبول ہیں اور ان کی آمد سے وہاں کی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
ملاقات میں سیاحت کے علاوہ تجارت اور روزگار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ مالدیپ کے وزیر نے پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کو مختلف شعبوں میں کارکنوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان سے تعمیراتی سامان اور ادویات سمیت دیگر مصنوعات درآمد کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم اور تربیتی اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز پر کام کر رہا ہے، جس سے وہاں کرکٹ کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی شہریوں کو مالدیپ میں سیاحت کے لیے آمد پر ویزا ملتا ہے، تاہم اس کے لیے واپسی کا کنفرم ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، اخراجات کے لیے مناسب مالی وسائل اور دیگر امیگریشن شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔
تاحال براہ راست پروازوں کے آغاز کی تاریخ، روٹس اور ہفتہ وار پروازوں کی تعداد کا اعلان نہیں کیا گیا۔