بین الاقوامی جوہری ماہرین کا ’پیاس‘ یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، ایٹمی سلامتی کے شعبے میں پاکستان کی تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی صلاحیتوں کا اعتراف
Home - بریکنگ-نیوز - بین الاقوامی جوہری ماہرین کا ’پیاس‘ یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، ایٹمی سلامتی کے شعبے میں پاکستان کی تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی صلاحیتوں کا اعتراف
پاکستان کی میزبانی میں جاری ’این ایس ایس سی‘ نیٹ ورک کے 15 ویں سالانہ اجلاس کے تیسرے روز بین الاقوامی جوہری ماہرین اور مختلف ممالک کے مندوبین نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔
23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والے اس عالمی اجلاس کے شرکا کو دورے کے دوران جوہری سلامتی کے شعبے میں پاکستان کی تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی صلاحیتوں اور اس ضمن میں قومی اداروں کے کلیدی کردار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران بین الاقوامی شرکاء کو جوہری سلامتی کے حساس شعبے میں ماہر افرادی قوت کی تیاری، پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں سے روشناس کرایا گیا۔
اس موقع پر پیاس یونیورسٹی کے کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا، جو اعلیٰ تعلیم اور خصوصی تربیت کے ذریعے عالمی معیار کے ماہرین تیار کرنے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔
یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر انیلہ عثمان نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے جوہری سائنس کے میدان میں معیاری تعلیم، جدت طراز تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے ادارے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں نیٹ ورک میں پاکستان کے فوکل پرسن اور سابق چیئرمین نے وفد کو یونیورسٹی میں جاری جوہری سلامتی کے تعلیمی و تربیتی پروگراموں پر جامع بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جوہری سلامتی کی باضابطہ تعلیم کا آغاز 2009 میں ایم ایس نیوکلیئر انجینئرنگ پروگرام کے تحت ذیلی تخصص کے طور پر کیا گیا تھا، جبکہ اب اس شعبے میں جوہری سلامتی اور طبعی تحفظ کے نظام سے متعلق خصوصی کورسز بھی پڑھائے جا رہے ہیں۔
جدید لیبارٹریز اور نگرانی کے نظام کا عملی مشاہدہ
بین الاقوامی مندوبین کو یونیورسٹی میں جوہری سلامتی کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم جدید سہولیات کا عملی دورہ بھی کرایا گیا۔
ان سہولیات میں ’نیوکلیئر سیکیورٹی ایجوکیشنل لیبارٹری‘ خاص طور پر نمایاں رہی، جہاں تابکاری کی بروقت نشاندہی، داخلے پر کڑے کنٹرول، غیر مجاز نقل و حرکت کی شناخت اور کلوزڈ سرکٹ ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) کے ذریعے نگرانی کے جدید ترین نظام نصب ہیں۔
وفد کو جوہری تحفظ، سلامتی اور ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے دستیاب دیگر تکنیکی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں شرکاء نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی اور پیاس کے مشترکہ اشتراکی مرکز اور مختلف تحقیقی لیبارٹریوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور ماہرین سے براہِ راست تبادلہ خیال کرتے ہوئے پورے تعلیمی و تربیتی ڈھانچے کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ دیرینہ اشتراک
دورے کے موقع پر پیاس یونیورسٹی اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ اور مضبوط اشتراکِ عمل کو بھی اجاگر کیا گیا۔
یونیورسٹی کا شعبہ نیوکلیئر انجینئرنگ عالمی ایجنسی کا نامزد کردہ اشتراکی مرکز ہے، جبکہ ادارے کے اساتذہ بین الاقوامی جوہری سلامتی تعلیمی نیٹ ورک (انسن) اور این ایس ایس سی نیٹ ورک سمیت عالمی ایجنسی کے مختلف پروگراموں اور اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز، پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سیکیورٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی مل کر ملک میں جوہری سلامتی کے شعبے میں تعلیم، تربیت، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔
یہ تینوں ممتاز ادارے اپنی انفرادی مہارت، جدید سہولیات اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی بدولت نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جوہری سلامتی کے نظام کو مستحکم بنانے اور عالمی استعدادِ کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
جوہری سلامتی کے عالمی نیٹ ورک
واضح رہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے زیرِ اہتمام قائم کردہ جوہری سلامتی کے معاون مراکز کا نیٹ ورک دنیا بھر کے ممالک کو جوہری مواد کے تحفظ، تکنیکی تربیت اور بہترین عالمی طریقوں کے تبادلے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
پاکستان اس نیٹ ورک کے بانی اور فعال ترین اراکین میں شمار ہوتا ہے، جس کے جوہری سلامتی کے نظام اور تربیتی معیار کو عالمی ادارے متعدد بار سراہ چکے ہیں۔
اسلام آباد میں 15 ویں سالانہ اجلاس کا انعقاد اور غیر ملکی جوہری ماہرین کا پیاس یونیورسٹی کی جدید لیبارٹریز کا براہِ راست مشاہدہ اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کا جوہری کمانڈ، کنٹرول اور حفاظتی ڈھانچہ انتہائی محفوظ، شفاف اور عالمی معیار کے عین مطابق ہے۔
عالمی برادری کے ماہرین کی اس سطح پر شمولیت نہ صرف پاکستان کے پرامن جوہری پروگرام پر بین الاقوامی اعتماد کو مزید پختہ کرتی ہے بلکہ خطے میں جوہری سلامتی کے حوالے سے پاکستان کی پیشہ ورانہ برتری کو بھی تسلیم کرواتی ہے۔